آبی تقسیم کے مسئلہ پر تلگو ریاستوں میں مذاکرات ضروری چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کے تاثرات

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 6 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے دریاؤں کے پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر تلگو ریاستوں کے درمیان باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر سیاسی اختلافات سے دونوں ریاستوں کی ترقی متاثر ہوسکتی ہے۔ گنٹور میں ورلڈ تلگو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ ترقی کے لئے آندھراپردیش اور تلنگانہ کو ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ دونوں ریاستوں کے عوام کی زبان ایک ہے اور 10 سال قبل دونوں ایک ہی ریاست کا حصہ تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ گوداوری اور کرشنا سے ہر سال ہزاروں ٹی ایم سی پانی سمندر میں ضائع ہورہا ہے۔ دریاؤں کو باہمی طور پر مربوط کرتے ہوئے پانی کا بہتر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے واضح کیاکہ آندھراپردیش نے کبھی بھی کالیشورم لفٹ اریگیشن اسکیم کی مخالفت نہیں کی۔ سابق بی آر ایس دور حکومت میں یہ پراجکٹ تعمیر کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ میں نے متحدہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر کی حیثیت سے بھیما لفٹ اریگیشن پراجکٹ کی تکمیل کی مساعی کی تھی۔ چندرابابو نائیڈو کا ماننا ہے کہ مذاکرات کے ذریعہ آبی تنازعہ کا مستقل طور پر حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے تلگو ریاستوں کے درمیان اتحاد پر زور دیا۔1