آج افغان۔بنگلہ دیش ٹسٹ کا آغاز،راشد کپتانی کیلئے پرجوش

   

چٹگانگ۔4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے عالمی شہرت یافتہ اسپنر راشد خان بنگلہ دیش کے خلاف کل یہاں شروع ہونے والے ٹسٹ میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے اور وہ قیادت کے متعلق کافی پُرجوش ہیں ۔ افغانستان کو 2017ء میں ٹسٹ موقف حاصل ہوا ہے جبکہ پہلی مرتبہ وہ بیرون ملک ہندوستان کا دورہ کیا تھا اور اس دورہ پر کھیلے گئے واحد مقابلہ میں ہندوستان نے ٹیم کو دو دنوں کے اندر ہی شکست سے دوچار کردیا تھا لیکن اس کے بعد مارچ میں کھیلے گئے دوسرے مقابلے میں افغانستان نے اپنے ساتھ ٹسٹ موقف حاصل کرنے والی آئرلینڈ کی ٹیم کو 7وکٹوں سے شکست دی تھی ۔ ورلڈ کپ میں مایوس کن مظاہروں کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ نے راشد خان کو تینوں طرز کی کرکٹ میں ٹیم کی قیادت سونپی ہے ۔ آئی پی ایل کے اسٹار 20سال اور 350 دنوں کی عمر میں ٹسٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے نوجوان کپتان ہوں گے ۔ جب وہ کل یہاں بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں ٹاس کیلئے اتریں گے ، اس اعزاز کے ساتھ وہ زمبابوے کے سابق کپتان ٹائبو کا ریکارڈ توڑ دیں گے ۔ ٹائبو نے 2004ء میں سری لنکا کے خلاف جب ٹسٹ ٹیم کی قیادت کی تھی تب وہ راشد سے عمر میں ریکارڈ کے اعتبار سے 8 دنوں کے بڑے تھے ۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے راشد خان نے کہا ہے کہ وہ ٹسٹ ٹیم کی قیادت اور نئے کردار کے متعلق کافی پُرجوش ہیں ۔ میڈیا نمائندوں سے انہوں نے کہا کہ ٹیم یہاں مثبت کھیل پیش کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ یاد رہے کہ افغانستان ٹیم حالیہ دنوں میں سخت حالات سے گذری ہے ۔ اپریل 2019ء میں افغانستان کرکٹ بورڈ ( بی سی بی ) نے رحمت شاہ کو افغان اصغر کے مقام پر کپتان بنایا تھا جنہوں نے دو ٹسٹ مقابلوں میں ٹیم کی قیادت کی لیکن ورلڈ کپ میں ٹیم کے مایوس کن مظاہروں کے بعد اچانک تینوں طرز کی ٹیموں کیلئے راشد خان کو کپتان بنایا گیا ۔ کل یہاں کھیلے جانے والے ٹسٹ میں بنگلہ دیشی ٹیم اسپین بولنگ پر زیادہ انحصار کرے گی ۔ اس موقع پر افغانستان کے کوچ اینڈی مویس نے کہا ہے کہ ’’ ہم بنگلہ دیش ٹیم کی کافی عزت کرتے ہیں ان کا معیار ہم سے بہتر ہے لیکن ہم انہیں شکست دینے کی صلاحیت بی رکھتے ہیں ‘‘ ۔ بنگلہ دیش اور افعانستان کل یہاں شرع ہونے والے واحد ٹسٹ کے علاوہ سہ رخی سیریز میں شرکت کریں گے جس میں تیسری ٹیم زمبابوے ہے ۔