آج اور کل گروپ III امتحانات

   

1401 امتحانی مراکز، 1388 جائیدادوں پر تقررات
5.36 لاکھ امیدوار امتحانات میں شرکت کریں گے
حیدرآباد ۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) ریاست کے مختلف سرکاری محکمہ جات میں گروپ III جائیدادوں پر تقررات کیلئے 17 اور 18 نومبر کو امتحانات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ پہلے دن دو اور دوسرے دن ایک امتحان کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ 17 نومبر کو صبح 10 تا دوپہر 12:30 بجے تک پیپر I اور اسی دن دوپہر 3 تا شام 5:30 بجے پیپر2 امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔ 18 نومبر کو صبح 10 تا دوپہر 12:30 بجے تک پیپر 3 امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔ گروپ III امتحانات کیلئے ریاست بھر میں 1401 امتحانی مراکز قائم کئے گئے جملہ 5.36 لاکھ امیدوار امتحانات میں شرکت کریں گے۔ تاحال 85 فیصد امیدواروں نے ہال ٹکٹس ڈاون لوڈ کرلیا ہے۔ ریاست کے مختلف محکمہ جات میں 1388 جائیدادوں پر تقررات کیلئے ڈسمبر 2022ء میں نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے گروپ III امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا ساتھ ہی کلکٹرس اور ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ امتحانات کے انعقاد کیلئے پوری طرح متحرک رہیں۔ امتحانی مراکز پر نظر رکھیں۔ امتحانی مراکز میں سی سی کیمرے تنصیب کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ دیڑھ گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔ امتحان شروع ہونے سے آدھا گھنٹہ قبل امتحانی مراکز کے گیٹس بند کردیئے جائیں گے۔ ایک منٹ کی تاخیر پر بھی امتحان تحریر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تقررات کا عمل ختم ہونے تک امیدوار اپنے ہال ٹکٹس، پرچہ سوالات کو محفوظ رکھیں۔ ڈوپلیکیٹ ہال ٹکٹس جاری نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔2