چیف منسٹر کے سی آر گن پارک پر شہیدوں کو خراج پیش کرینگے ۔ پرگتی بھون میں پرچم کشائی
حیدرآباد ۔ یکم جون ( سیاست نیوز) کل 2 جون منگل کو تلنگانہ کا یوم تاسیس ہے ۔ ریاستی حکومت نے کل 2 جون کو یوم تاسیس تقاریب سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کورونا لاک ڈاون کے سبب یہ تقاریب رسمی طور پر منعقد ہونگی ۔ حیدرآباد اور تمام ضلع ہیڈ کوارٹرس پر شہیدان تلنگانہ کو خراج کی پیشکشی کے بعد قومی پرچم لہرایا جائیگا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو صبح 8.30 بجے گن پارک روبرو تلنگانہ اسمبلی شہیدان تلنگانہ کی یادگار پہونچ کر خراج پیش کرینگے اور وہاں سے پرگتی بھون پہونچ کر قومی پرچم لہرائیں گے ۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے تلنگانہ عوام کو یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی ۔ ٹی آر ایس کے ہیڈ کوارٹر تلنگانہ بھون پر صبح 8 بجے سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راو قومی پرچم لہرائیں گے ۔ صدر نشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی صبح 6 بجے کونسل کے احاطہ میں اور اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی صبح 6.30 بجے اسمبلی کے احاطہ میں پرچم کشائی انجام دیں گے ۔ وہاں سے اپنے متعلقہ اضلاع روانہ ہوجائیں گے ۔ ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کو اضلاع میں پرچم کشائی کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ تمام سرکاری دفاتر پر قومی پرچم لہرایا جائیگا ۔ کانگریس ‘ بی جے پی اور کمیونسٹ جماعتوں کے دفاتر پر بھی یوم تاسیس تقاریب منائی جائیں گی ۔