آج حج کا رُکن اعظم وقوف عرفہ ، مسجد نمرہ میں شیخ صالح کا خطبہ ہوگا

,

   

مکہ مکرمہ : /4 جون (ایجنسیز) اسلام کے مقدس رکن حج کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ میں دنیا بھر سے آئے عازمین خیموں کے شہر منیٰ میں جمع ہوچکے ہیں جہاں سے جمعرات /9 ذی الحجہ کو وہ حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کیلئے میدان عرفات روانہ ہوں گے ۔5 روزہ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز آج بروز چہارشنبہ سے ہوگیا اور رکن اعظم وقوف عرفہ /5 جون کو ہوگا ۔حج 1446 ھ کیلئے زائد از 20 لاکھ عازمین جمع ہونے کا تخمینہ لگایا جارہا ہے جن میں زائد از 15 لاکھ عازمین حج بیرون سلطنت سعودی عرب سے آئے ہیں ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی مطابقت میں مختلف شعبے متحرک ہیں اور عازمین کو مناسک حج کی ادائیگی میں ہر طرح سے سہولت بہم پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مکہ مکرمہ میں ان دنوں موسم گرم ہے اور درجہ حرارت 41 ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ رہا ہے ۔ چنانچہ وزارت حج نے تمام عازمین کو اس سلسلہ میں ضروری احتیاطی اقدامات سے واقف کرانے کی مساعی شروع کردی ہے ۔ وزارت نے 3 اضافی فیلڈ ہاسپٹلس بھی قائم کئے ہیں جہاں 1200 بستروں کی گنجائش رہے گی ۔ مسجد نمرہ جہاں ایک لاکھ 25 ہزار مربع میٹر کارپیٹس حجاج اکرام کیلئے بچھائے گئے ہیں ، وہاں حکام نے تزئین نو کے ساتھ دیگر سہولتیں بہم پہنچانے کے انتظامات بھی کئے ہیں ۔ شخ صالح توقع ہے کہ خطبہ حج میں موجودہ طور پر امت مسلمہ کو درپیش کٹھین مسائل سے نمٹنے کیلئے کوئی لائحہ عمل پیش کریں گے ۔ غزہ میں فلسطینیوں کی نازک صورتحال کا بھی تذکرہ متوقع ہے ۔

پرمٹ کے بغیر حج کی کوشش پر سخت کارروائی
مکہ مکرمہ ۔ 4 جون (ایجنسیز) سعودی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں مقیم ایسے تمام غیر ملکی جو حج کیلئے باقاعدہ اجازت نامہ (پرمٹ) حاصل کیے بغیر مناسکِ حج ادا کرنے کی کوشش کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے افراد کو فوری طور پر ملک بدر کر دیا جائے گا اور ان پر آئندہ 10 سال کیلئے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ ’’ریگولر اور مستند حج پرمٹ‘‘ کا حصول ہر عازم کیلئے لازمی شرط ہے اور اس کی خلاف ورزی نہ صرف ملکی قوانین بلکہ حجاج کرام کی سلامتی کے اصولوں کے منافی ہے۔