حیدرآباد 25 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا کل 26 جولائی سے آغاز ہوگا۔ محکمہ سیول سپلائز نے جئے شنکر بھوپال پلی ضلع میں اہل درخواست گذاروں کو راشن کارڈس کی اجرائی کا شیڈول تیار کیا ۔ عوامی نمائندوں کے ہاتھوں نئے کارڈس کی تقسیم عمل میں آئیگی ۔ حکومت نے 8 لاکھ 65 ہزار درخواست گذاروں کو جانچ کے بعد کارڈس کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کوئی بھی مستحق راشن کارڈ سے محروم نہ رہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پہلے سے موصولہ درخواستوں کی یکسوئی کے بعد نئی درخواستوں کی جانچ کی جائے گی۔ وزیر سیول سپلائز کو نئے کارڈس کی اجرائی کی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے۔ اُنھوں نے حکام کے ساتھ تقسیم کے پروگرام کا جائزہ لیا۔
