30 مراکز رائے شماری کا قیام ۔ 150 کاونٹنگ ہالس۔ پولیس کا بھی وسیع تر بندوبست
حیدرآباد۔بلدی انتخابات کے نتائج اور رائے شماری کیلئے شہر میں جملہ 30 مراکز پر رائے شماری کے انتظامات کئے گئے ہیں اور 4ڈسمبر جمعہ صبح 8بجے رائے شماری کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔کمشنر بلدیہ و الیکشن آفیسر مسٹر لوکیش کمار نے بتایا کہ 30مقامات پر جملہ 150 کاؤنٹنگ ہالس قائم کئے گئے ہیں جہاں یکم ڈسمبر کو 149 اور 3ڈسمبر کو ایک بلدی حلقہ میں ڈالے گئے 34لاکھ 50ہزار 331 ووٹ کی گنتی عمل میں لائی جائیگی۔ انہو ںنے رائے شماری کیلئے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق 30مقامات پر 3 تا 5 بلدی حلقوں کی رائے شماری کیلئے ہالس بنائے گئے ہیں اور ہر حلقہ کیلئے ایک ہال میں 14 ٹیبل ہوں گے جن پر ایک کاؤنٹنگ سپروائزر کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ تمام مراکز میں سی سی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے تاکہ رائے شماری کے عمل کو مکمل ریکارڈ کیا جاسکے۔مسٹر لوکیش کمار کے مطابق ایک راؤنڈ میں 14ہزار بیالٹ کی رائے شماری کی سہولت رہے گی اسی لئے 14ٹیبل لگانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بلدی حلقہ جات میں جو ووٹ استعمال کئے گئے ہیں ان کی گنتی کے دوران ہر ٹیبل پر سینیٹائزر کی سہولت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام بلدی حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کے دوران سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدواروں کو ایجنٹس بٹھانے کی سہولت ہے اور تمام مراکز پر سیکیوریٹی کے خصوصی دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ رائے شماری کے دوران ہنگامہ آرائی پر فوری قابو پانے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چوکس و مستعد رہیں۔ مسٹر لوکیش کمار نے بتایا کہ مراکز رائے شماری میں کسی کو سیل فون لے جانے کی اجازت حاصل نہیں رہے گی ۔جن مقامات پر رائے شماری کے مراکز ہیں ان کے اطراف ٹریفک تحدیدات رہیں گی اور غیر مجاز افراد کو مراکز کے قریب آنے سے روکنے انتظامات کئے جارہے ہیں علاوہ ازیں مراکز کے قریب رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی تاکہ غیر مجاز افراد کو روکا جاسکے۔عہدیداروں نے بتایا کہ رائے شماری کیلئے 8152 عہدیداروں اور ملازمین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ۔