آخری اوور میں 11رنز، نسیم شاہ پھر ہیرو

   

ہمبنٹوٹا ۔ وہی بیٹر، وہی بولر، وہی آخری اوور اور صورتحال بھی وہی ، یعنی11 رنز اور 6 گیندیں پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے بطور بیٹر تاریخ دہرا دی۔ ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں پاکستان کو آخری اوور کی 6گیندوں پر11 رنز درکار تھے، افغانستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی بولنگ کررہے تھے اور سامنے نسیم شاہ ڈٹے تھے، پھر وہی ہوا جو پچھلے سال ہوا تھا۔ نسیم نے فضل کی بولنگ پر شاندار اسٹروکس کھیل کر پاکستان کو ایک وکٹ سے فتح دلا دی۔ پچھلے سال7 ستمبر کو ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں بھی ایسا ہی ہوا تھا، آخری اوور تھا، 11رنز تھے۔ فضل کے ہاتھ میں گیند اور نسیم کے ہاتھ میں بیٹ تھا، نسیم نے دوگیندوں پر دو چھکے لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروایا تھا ۔ دونوں بار ایک ہی بولرکے جیت کے خواب کو ڈراؤنے خواب میں تبدیل کرنے کے بعد نسیم شاہ کے جشن کے انداز میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ یاد رہے کہ دوسرے ونڈے میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 300 رنز بنائے جس میں اوپنر رحمت اللہ گرباز نے 14 چوکوں اور تین چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں شاندار 151رنز بنائے جس کے بعد پاکستان کو کامیابی کیلئے 301 رنز بنانے تھے ۔آخری اوور میں ایک وکٹ افغانستان کو تاریخ رقم کرنے کا موقع فراہم کرتی لیکن نسیم شاہ نے حریف ٹیم کو پہلی کامیابی کے ریکارڈ سے محروم کردیا۔