آخری رسومات کے بعد کورونا مثبت رپورٹ پر عوام میںتشویش

   

میڈیکل ٹیم ریونیو حکام کی موضع جیگور پہونچکر فوت شدہ خاتون کے افردا خاندان کی طبی جانچ
شادنگر /4 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر حلقہ کے نندی گاؤں منڈل کے موضع چیگور کی رہنے والی ایک 55 سالہ خاتون کی عثمانیہ ہاسپٹل میں علاج کے دوران موت واقع ہوگئی ۔ خاتون کی موت واقع ہونے سے قبل عثمانیہ ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے مختلف انداز میں ٹسٹ کروائے گئے تھے ۔ ٹسٹ رپورٹ آنے سے قبل ہی خاتون کی موت واقع ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق شادنگر حلقہ کے نندی گاؤں منڈل کے موضع چیگور کی رہنے والی 55 سالہ بھارتماں گذشتہ 4 روز قبل طبعیت ناساز ہونے کی وجہ سے گھر کے افراد خاندان نے خاتون کا ابتدائی علاج شادنگر میں واقع آر ایم پی ڈاکٹر وٹھل نامی ڈاکٹر کے پاس کروایا ۔ بعد ازاں بھارتماں کو عثمانیہ ہاسپٹل بہتر علاج کیلئے شریک کروایا گیا ۔ خاتون بھارتماں کا عثمانیہ ہاسپٹل میں علاج کے دوران 2 اپریل کو موت واقع ہوگئی ۔ عثمانیہ ہاسپٹل انتظامیہ نے خاتون کی نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا ۔ بعد ازاں افراد خاندان نے بھارتماں کی نعش کو موضع چیگور لاکر آخری رسومات انجام دئے ۔ عثمانیہ ہاسپٹل کے ڈاکٹروں کی جانب سے خاتون کے ٹسٹ رپورٹ خاتون کے فوت ہونے کے بعد ملی ۔ رپورٹ میں کورونا وائرس مثبت پایا گیا ۔ خاتون کی رپورٹ مثبت پائی جانے کی اطلاع کے ساتھ ہی ساری سرکاری مشنری حرکت میں آگئی ۔ اطلاع پاکر سائبرآباد پولیس کمشنر سجنار ، رنگاریڈی ضلع کلکٹر اموئے کمار ، شمش آباد ڈی سی پی این پکار ریڈی محکمہ صحت سے وابستہ میڈیکل ٹیم ، ریونیو حکام موضع چیگور پہونچ کر فوت ہونے والی خاتون کے متعلق تفصیلات حاصل کرنے میں مصروف ہوگئے ۔ مرض میں مبتلا ہونے کے موقع پر خاتون کس کس سے ملاقات کی اور اس کی آخری رسومات میں شرکت کرنے والوں اور افراد خاندان کی طبی جانچ پڑتال کیلئے بعض کو گاندھی ہاسپٹل حیدرآباد اور بعض کو کوونٹائن کیلئے روانہ کیا گیا ۔ موضع کی خاتون میں کورونا مثبت پائے جانے کی اطلاع پر مقامی عوام اور افراد خاندان میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے ۔ خاتون میں کورونا وائرس کی علامتیں پائی جانے پر میڈیکل ٹیم نے موضع چیگوڑ اور موضع کے قریب واقع کے شانتی ونم ٹرسٹ میں میڈیکل ٹیم اور پولیس کے عہدیداروں اور ریونیو حکام نے دورہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی ۔ کے شانتی ونم ٹرسٹ میں بیرونی ممالک سے عوام کی آمد و رفت ہوئی ہے ۔ متعلقہ سرکاری مشنری پر ایک طریقہ سے تحقیقات کر رہی ہے ۔ رنگاریڈی ضلع کلکٹر اموئے کمار ، کمشنر سائبرآباد سجنار نے موضع کی عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام لاک ڈاؤن پر عمل کریں اور اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اپنے گاؤں سے بھی باہر نہ جائیں۔ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ خاتون کی موت اور رپورٹ مثبت آنے پر سارے شادنگر حلقہ کی عوام میں شدید بے چینی و تشویش کی لہر دوڑ گئی مذکورہ واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس نے لاک ڈاؤن پر سختی کے ساتھ عمل آوری کر رہی ہے ۔