نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے ای پی آئی سی (رائے دہندہ کا فوٹو شناختی کارڈ) کو آدھار کارڈ سے جوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں دستور کے آرٹیکل 326، قانون عوامی نمائندگی 1950 اور متعلقہ سپریم کورٹ فیصلوں کی مطابقت میں کارروائی عنقریب شروع کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں آدھار کارڈز کے مجاز ادارہ یو آئی ڈی اے آئی اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ماہرین کے درمیان تکنیکی مشاورت جلد ہی شروع کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائرکٹر پی پون کے آج جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق سی ای سی گیانیش کمار کی قیادت میں الیکشن کمشنروں ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو اور ڈاکٹروویک جوشی کی مرکزی معتمد داخلہ، سکریٹری لیجسلیٹیو ڈپارٹمنٹ، سکریٹری MeitY اور سی ای او ، یو آئی ڈی اے آئی اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے فنی ماہرین کی آج نرواچن سدن ، نئی دہلی میں میٹنگ منعقد ہوئی۔ دستورہند کے آرٹیکل 376 کے مطابق ووٹنگ کا حق صرف ہندوستان کے شہری کو دیا جاسکتا ہے جبکہ آدھار کارڈ صرف کسی شخص کی شناخت کا تعین کرتا ہے ۔ لہٰذا یہ فیصلہ کیا گیا ہیکہ ووٹر کے فوٹو شناختی کارڈ یا ای پی آئی سی کو آدھار کے ساتھ جوڑا جائے۔ اس ضمن میں آر پی ایکٹ 1950 کے سیکشن 23(4)، 23(5) اور 23(6) کے علاوہ سپریم کورٹ کے رٹ پٹیشن (سیول) نمبر 177/2023 کے فیصلہ کی مطابقت میں عمل شروع کیا جائے گا۔