باکو میں الہام عیلیوف کی دعوت پر جشن پریڈ کا معائنہ
چھ ملکی علاقائی تعاون پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجویز، میڈیا نمائند وں سے بات چیت
باکو: ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے جو اس وقت آذربائیجان میں جشن کے پریڈ میں شرکت کیلئے موجود ہیں، اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کاراباخ میں آذری فوجیوں کی کامیابی ایک تاریخی واقعہ ہے جس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان سے ہماری یگانگت کا فلسفہ ایک قوم، دو ممالک پر مبنی ہیں اور ہم اس اتحاد اور یگانگت کو کبھی ختم نہیں ہونے دیں گے۔ کاراباخ پر فتح سے ہمیں اس یگانگت کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ملا ہے۔ گذشتہ 44 دنوں سے جاری جدوجہد کے بعد ہم بالآخر خوشی کا وہ لمحہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جہاں آذربائیجان ایک بار پھر اذان کی آوازوں سے گونج اٹھے گا۔ کاراباخ پر فتح سے تاریخ کے ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔ اور اب اس خطہ کی تاریخ کو ایک نیا رخ دیا جائے۔ انہوں نے اس موقع پر آرمینیا کو بھی دعوت دی کہ وہ ترکی کے ساتھ مثبت اقدام اٹھانے کیلئے اگر تیار ہوجاتا ہے تو یہ بھی ایک تاریخی قدم ہوگا کیونکہ آرمینیا کے شامل ہونے سے ملک کے ہر شعبہ میں ترقیاتی مواقع پیدا ہوجائیں گے اور فریقین کیلئے یہ دونوں طرف سے جیت کا معاملہ (وِن وِن) ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر خطہ میں چھ ملکی علاقائی تعاون کا ایک نیا پلیٹ فارم قائم کیا جائے تو یہ خطہ کیلئے بیحد مناسب رہے گا جس میں روس، ترکی، آذربائیجان، ایران، جارجیا اور آرمینیا شامل ہوں گے۔ یاد رہے کہ اردغان خاتون اول آمینہ اردغان کے ساتھ اس وقت باکو میں موجود ہیں جہاں انہوں نے الہام الیوف کی دعوت پر دورہ کیا۔ اس موقع پرآذربائیجان کی فوج نے زبردست پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پیشکش کی کہ ترکی آذربائیجان کی فوج کو تربیت فراہم کرنے بھی تیار ہے۔ اگر آذربائیجان کی فوج باکو میں رہتے ہوئے تربیت حاصل کرنا چاہتی ہے تو ہم ایسا کرنے بھی تیار ہیں بصورت دیگر آذری فوج کو ترکی میں فوجی تریت فراہم کرنے کا پورا انتظام کیا جائے گا اور یہ کام صرف سیاسی قائدین کی حد تک ہی محدود نہیں ہوگا بلکہ فوجی سربراہان کو بھی اس کام میں بے غرض ہوکر اپنی خدمات انجام دینا چاہئے۔ اس سلسلہ میں جمعرات کے روز ترکی کے صدارتی کمیونکیشن ڈائرکٹر فہرتین التون اور آذربائیجانی صدارتی ایلچی حکمت حاجی یوف کے درمیان ایک یادداشت مفاہمت پر بھی دستخط کئے تھے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ایک غیرجانبدار اور صحتمند میڈیا تعلقات کا نیٹ ورک (انفراسٹرکچر) قائم کیا جاسکے۔