مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں ایس سی ، ایس ٹی کو دوبارہ راغب کرنے کے اقدامات
بھوپال ، 8 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس قیادت کو تشویش ہے کہ سنگھ پریوار کے قبائیلی حامیوں میں تیزی سے ناراضگی پھیل رہی ہے ۔ حالیہ عرصہ میں کئی دلت اور اقلیتی پرچارکوں کو پریوار سے دور ہوتے دیکھا گیا ہے ۔ سنگھ پریوار نے مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں عاجلانہ اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ان طبقات کو دوبارہ آر ایس ایس کی طرف راغب کیا جاسکے ۔ آر ایس ایس قیادت نے اپنے ورکرس سے کہا ہے کہ مخصوص گروپوں میں جائیں اور انہیں اپنی طرف راغب کریں ۔ آر ایس ایس قائدین نے دو کلیدی ریاستوں میں جہاں اس کی پندرہ سال حکمرانی رہی ، موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا ہے ۔ تین روزہ میٹنگ میں سنگھ پریوار کے ملحقہ تنظیموں نے حصہ لیا اور اپنی تجاویز پیش کئے ۔ میٹنگ میں طئے پایا گیا کہ دیہی ووٹروں سے رابطہ قائم کیا جائے ۔ تاہم آر ایس ایس کے سرکردہ قائدین کو مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں دلت اور اقلیتی طبقات میں سنگھ پریوار گھٹتی مقبولیت پر تشویش ہے ۔ شاید یہی وجہ ہے کہ بی جے پی گذشتہ اسمبلی انتخابات میں دونوں ریاستوں میں اقتدار سے محروم ہوئی اور دونوں جگہ کانگریس نے حکومت بنائی ۔ ۔