آر ایس ایس کے ’’ہندو راشٹر‘‘ نظریہ سے مایاوتی غیرمتفق

   

مذہبی اقلیتوں کی بی جے پی دور میں حالت ابتر ، صدر بی ایس پی کا الزام
ناگپور ۔ 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے پیر کے دن کہا کہ ان کی پارٹی آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے بیان سے اتفاق نہیں رکھتی کہ ہندوستان ایک ’’ہندوراشٹر‘‘ ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ باباصاحب امبیڈکر نے ہندوستان کے دستور کی سیکولرازم کی بنیادوں پر تدوین کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کانگریس اور برسراقتدار بی جے پی میں اندرونی طور پر مفاہمت ہوچکی ہے کہ ترقیوں میں دلتوں اور قبائیلیوں کو تحفظات نہ فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے ایسے قوانین وضع کئے ہیں جن کے ذریعہ ملک کے محروم طبقات کا استحصال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ مذہبی اقلیتوں کی حالت پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں آر ایس ایس کے سربراہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مسلم ملک انتہائی خوشحال ہے کیونکہ ہندوستان ’’ہندو راشٹر‘‘ نہیں ہے۔ بی ایس پی اس بیان سے اتفاق نہیں کرتی کیونکہ آر ایس ایس سچر کمیٹی رپورٹ کو تسلیم نہیں کرتی حالانکہ اس رپورٹ میں حقائق کے اعدادوشمار پیش کئے گئے ہیں۔