آر ایس ایف کا سوڈان میں متوازی حکومت کے قیام کا اعلان

   

خرطوم27جولائی (یو این آئی) سوڈان کے نیم فوجی دستے ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کی قیادت میں سیاسی اتحاد نے ہفتے کے روز ملک میں متوازی حکومت کے قیام کا اعلان کیا، جس سے برسوں سے جاری خانہ جنگی سے دوچار ملک میں مزید انتشار کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔اتحاد کے ترجمان علاء الدین نگد نے ٹیلی گرام پر ایک بیان میں کہا کہ اتحاد کی قیادت نے محمد حسن التعایشی کو متوازی حکومت کا وزیر اعظم مقرر کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔بیان کے مطابق، آر ایس ایف کمانڈر محمد ہمدان دقلو کو صدارتی کونسل کا چیئرمین منتخب کیا گیا، جو کہ نئی حکومت میں اعلیٰ ترین عہدہ ہے ، جب کہ سوڈان پیپلز لبریشن موومنٹ-نارتھ (ایس پی ایل ایم-این)کے رہنما عبدالعزیز آدم الحلو کو صدارتی کونسل کا نائب چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ۔اتحاد کے نامعلوم ذرائع نے ژنہوا کو بتایا کہ متوازی حکومت میں آر ایس ایف کو 42 فیصد عہدے ملے میں، جب کہ ایس پی ایل ایم-این کو 33 فیصد اور بقیہ 25 فیصد اتحادی گروپوں کو دیے گئے ۔ آر ایس ایف نے فروری میں مختلف سیاسی اور مسلح گروپوں کے ساتھ ایک بانی چارٹر پر دستخط کیے ، جس کے تحت متوازی حکومت کی بنیاد رکھی گئی۔اس وقت مغربی سوڈان کے دارفور کے زیادہ تر علاقے اور کردفان علاقے کے کچھ حصے آر ایس ایف کے کنٹرول میں ہیں۔سوڈانی مسلح افواج اور آر ایس ایف کے درمیان اپریل 2023 سے سوڈان میں لڑائی جاری ہے ۔ اس لڑائی میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔