نئی دہلی: ریزرو بینک آف انڈیا نے ایک بار پھر کرپٹو کرنسیوں کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا ہے۔ آر بی آئی کا خیال ہے کہ اس سے مالیاتی پالیسی کا فیصلہ کرنے اور مالیاتی نظام کو منظم کرنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔ آر بی آئی کے سینئر افسران نے یہ معلومات سابق وزیر مملکت برائے خزانہ جینت سنہا کی قیادت میں پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کے ساتھ میٹنگ میں دی ہے۔اس میٹنگ میں آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس بھی موجود تھے۔ آر بی آئی حکام کا خیال ہے کہ کرپٹو کرنسیز تبادلے کا ایک بڑا ذریعہ بن سکتی ہیں اور ملک اور بیرون ملک ہونے والے مالی لین دین میں کرنسی کی جگہ لے سکتی ہیں۔ یہ نظام میں رقوم کے بہاؤ کو منظم کرنے کے لیے آر بی آئی کی صلاحیت کو بھی کمزور کر سکتا ہے۔