٭ راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) نے نئے متنازعہ قانون شہریت کے خلاف 21 ڈسمبر کو بہار بند کا اعلان کیا ہے۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ نیا اور متنازعہ شہریت قانون مکمل طور پر نہ صرف غیردستوری ہے بلکہ یہ غیرانسانی بھی ہے۔ اس قانون سے بی جے پی کی تقسیم کرنے والی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں کہا کہ ملک بھر میں اس ظالمانہ قانون کے خلاف عوام صدائے احتجاج بلند کررہے ہیں مگر حکومت اس کا جواب گولیوں سے، لاٹھیوں اور آنسو گیس کے گولوں سے دے رہی ہے۔ سٹیزن امینڈمنٹ ایکٹ (سی اے اے) کے خلاف گذشتہ روز یوپی میں ہونے والے پرتشدد احتجاج کے دوران پولیس نے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا جبکہ اسی مسئلہ پر کرناٹک کے منگلور میں احتجاج کے دوران پولیس نے دو افراد کو موت کی نیند سلادیا۔
