آر جے ڈی کا پریورتن پتر جاری، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ

,

   

تیجسوی یادو کے 24وعدے ‘خواتین کو سالانہ ایک لاکھ روپے بھی شامل
پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل نے ہفتہ کو اپنا منشور جاری کیا جس میں اس نے ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے اور خواتین کو سالانہ ایک لاکھ روپے دینے سمیت 24 وعدے کیے ہیں۔آر جے ڈی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو نے ہفتہ کو پارٹی کے ریاستی دفتر میں سینئر لیڈروں کی موجودگی میں اپنا منشور جاری کیا جسے پریورتن پتر نام دیا گیا ہے ۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کیلئے جاری پریورتن پتر میں 24 وعدے کیے گئے ہیں جن میں پورے ملک میں ایک کروڑ نوکریاں، غریب خواتین کو ایک لاکھ روپے سالانہ، 500 روپے میں گیس سلنڈر، 200 یونٹ مفت بجلی، 10 فصلوں پر کم از کم امدادی قیمت ( ایم ایس پی) اور بہار کو خصوصی درجہ دینے کا وعدہ شامل ہے ۔ تیجسوی یادو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بہار میں 17 سال کے بنام 17 ماہ کی طرز پر ہم سبھی سرکاری محکموں اور سرکاری اداروں میں 30 لاکھ خالی آسامیوں کے علاوہ 70 لاکھ آسامیاں پیدا کریں گے اور کل ایک کروڑ نوکریاں فراہم کریں گے ۔ کنٹریکٹ اور عارضی نوکریوں کو مستقبل کرنے کے لئے بھی مہم چلائی جائے گی ۔ انہوں نے لوگوں سے یہ وعدہ کیاکہ جس طرح بہار میں نوکری کا مفہوم تیجسوی ہوگیا ہے یہی وعدہ ہم اس انتخابات میں ایک عزم کی قرارداد کے طور پر کرتے ہیں۔ اس لیے مرکز میں آر جے ڈی کی حمایت یافتہ مخلوط حکومت کے قیام کے چھ ماہ کے اندر اندر ایک کروڑ نوکریاں پیدا کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ تیجسوی نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران منشور میں کئے گئے وعدوں کو 17 ماہ میں پورا کرنے کی کوشش کی گئی۔ ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کروائی۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ افراد کی بہبود کیلئے منڈل کمیشن کی بقیہ سفارشات کو لاگو کیا جائے گا۔ ہم نے کہا تھا کہ ہم ٹاملنا ڈو کی طرح ریزرویشن کی حد میں اضافہ کریں گے اسے بھی پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔ 2024 میں عوام سے 24 وعدے کیے گئے ہیں اور حکومت بننے کی صورت میں انہیں پورا بھی کریں گے ۔پریورتن پتر میں کہا گیا ہے کہ بہار کی اقتصادی ترقی، سیاحت اور مسافروں کی سہولت کیلئے پورنیہ، گوپال گنج، مظفر پور، بھاگلپور اور رکسول ہوائی اڈے شروع کیے جائیں گے ۔ بہار میں صنعت کاری کو فروغ دینے یلئے صنعتیں لگائی جائیں گی۔ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا۔

زراعت پر مبنی اور فوڈ پروسیسنگ کی صنعتوں کا قیام ہماری ترجیح ہو گی۔ بہار اور ملک کی سطح پر کاروبار کو فروغ دینے کے لیے اچھے کاروباری خیالات اور منصوبوں کے حامل نوجوانوں کو رہنمائی اور شروعاتی سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں بہار کے ہی کامیاب کاروباری لوگوں سے مدد لی جائے گی اور ہر سال دو گرین اسٹارٹ اپ مقابلے منعقد کیے جائیں گے ، جہاں ملک اور دنیا کے سرمایہ کاروں کو شرکت کے لیے مدعو کیا جائے گا۔