آر ٹی سی بس حادثہ میں راہرو کی موت

   

حیدرآباد ۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ چنچلگوڑہ چوراہے پر پیش آئے سڑک حادثہ میں نامعلوم مسلم شخص ہلاک ہوگیا۔ سعیدآباد پولیس کے بموجب 15 مارچ کی شب چنچلگوڑہ چوراہے پر اچم پیٹ ڈپو سے تعلق رکھنے والی آر ٹی سی بس نے سڑک عبور کرنے والے نامعلوم مسلم شخص کو تیز رفتاری سے بس چلاتے ہوئے ٹکر دے دی تھی۔ اس حادثہ میں نامعلوم شخص شدید زخمی ہوگیا تھا اور اسے علاج کیلئے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا تھا جہاں پر وہ آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس سعیدآباد نے نامعلوم شخص جو مسلم بتایا جاتا ہے، کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ میں محفوظ کردیا ہے اور بس ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔