واقعہ سوشیل میڈیا میں وائرل ، تنقیدوں کی بوچھار ، سجنار نے تحقیقات کی ہدایت دی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : آر ٹی سی بس میں سوار ہونے والے ہر مسافر کو ٹکٹ لینا لازمی ہے ۔ چار سال عمر مکمل کرنے والوں کو بھی نصف ٹکٹ لیا جاتا ہے ۔ بعض مقامات پر بس میں سوار ہونے کے بعد ٹکٹ لینے کے مسئلہ پر بحث و تکرار ہوجاتی ہے ۔ بالخصوص بچوں کی عمر کے مسئلہ پر بھی تنازعہ ہوجاتا ہے ۔ لگیج کے مسئلہ پر بھی قواعد پر عمل آوری ہوتی ہے ۔ ان سب سے ہٹ کر تلنگانہ آر ٹی سی بس کے ایک کنڈاکٹر نے مرغ کا ٹکٹ وصول کیا ہے ۔ جو میڈیا اور سوشیل میڈیا میں موضوع بحث بن گیا ہے اور عوام کی جانب سے آر ٹی سی کے خلاف سخت ریمارکس کئے جارہے ہیں ۔ جس پر منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے فوری ردعمل کا اظہار کیا ہے اور گوداوری کھنی بس ڈپو کے منیجر وینکٹیشم چاریلو کو اس واقعہ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع پداپلی گوداوری کھنی ڈپو کی بس گوداوری کھنی سے کریم نگر روانہ ہورہی تھی ۔ محمد علی نامی مسافر نے راما گنڈم بی پاور ہاوز سے بس میں سوار ہوا جیسے ہی بس سلطانہ آباد پہونچی تھیلی میں موجود مرغ نے آواز لگائی جس پر بس کنڈاکٹر تروپتی مسافر محمد علی کے پاس پہونچا اور مرغ کا فل ٹکٹ لینے پر زور دیا ۔ بصورت بس سے اتر جانے پر زور دیا جس پر محمد علی ٹکٹ لینے کے لیے راضی ہوگیا ۔ کنڈاکٹر نے مرغ کا فل ٹکٹ 30 روپئے مسافر کے ہاتھ میں تھما دیا جس پر محمد علی حیرت زدہ ہوگیا ۔ اس کی وجہ دریافت کرنے پر کنڈاکٹر نے کہا کہ ہر جاندار کو ٹکٹ لینا لازمی ہے ۔ مرغ کے لیے لیا گیا 30 روپئے کا ٹکٹ سوشیل میڈیا میں وائرل ہورہا ہے ۔۔ ن