آر ٹی سی بس میں ٹکٹ چیکنگ عہدیداروں پر حملہ، کنڈکٹر گرفتار

   

آر ٹی سی کے ایم ڈی ناگی ریڈی نے اس کو ناقابل معافی جرم درست قرار دیا
حیدرآباد ۔یکم مئی (سیاست نیوز) ضلع سنگا ریڈی کے رائے کوڈ منڈل میں پیش آئے ایک سنسنی خیز واقعہ میں ٹی جی ایس آر ٹی سی کے چیکنگ انسپکٹر پر حملہ کیا گیا ہے جس کی آر ٹی سی انتظامیہ نے سخت مذمت کی ہے۔ واقعہ میں ملوث کنڈکٹر دیوسوت وسنتھ کے خلاف محکمہ جاتی اور قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے ٹی جی ایس آر ٹی سی ہیڈکوارٹر کے انفورسمنٹ اسکواڈ پی یاسیا (انچارج ٹی ٹی آئی) اور وی پرکاش (ٹی ٹی آئی) اپنی ٹیم کے ساتھ ظہیرآباد۔ نارائن کھیڑ روٹ پر چیکنگ کر رہے تھے۔ جھرہ سنگم منڈل کپٹ گاؤں کے قریب نارائن کھیڑ ڈپو کی بس نمبر (TG 15-Z-0082) کو چیک کر رہے تھے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کنڈکٹر نے ایک مسافر سے 20 روپئے وصول کیا لیکن ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ قواعد کے مطابق جانچ کرنے والے عہدیداروں نے جب کنڈکٹر کے خلاف چارج میمو جاری کرنے لگے تو کنڈکٹر دیوسوت وسنتھ نے جھگڑا شروع کردیا۔ اس نے نہ صرف ڈیوٹی انجام دینے والے عہدیداروں کو روکا بلکہ بس میں موجود مسافروں کو بھی ان کے خلاف اکسایا اور بعد میں خود عہدیداروں پر حملہ کردیا۔ اس حملہ میں ٹی ٹی آئی یاسیا کی انگلی بھی زخمی ہوگئی اور وی پرکاش کے ماتھے پر چوٹ لگی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے ملزم کنڈکٹر کو گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ آر ٹی سی کے ایم ڈی وی ناگی ریڈی نے اس واقعہ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا عملہ پر حملہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر ٹکٹ معاملہ سے بچنے کیلئے عہدیداروں پر حملہ ناقابل معافی جرم ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔2/k