آر ٹی سی بسوں اور بس اسٹیشنس میں مفت وائی فائی کی سہولت

   

آر ٹی سی انتظامیہ اور خانگی انٹرنیٹ کمپنی میں معاہدہ ، وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کی منظوری
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : آر ٹی سی انتظامیہ جدید ٹکنالوجی کو اپناتے ہوئے بس کے سفر اور اسٹیشنوں پر بس کے انتظار کے وقت کو خوشگوار بنانے کے انتظامات کررہا ہے ۔ نئی تبدیلی کے طور پر مسافروں کو مفت ’ وائی فائی ‘ کی سہولت فراہم کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ آر ٹی سی انتظامیہ بسوں کے ساتھ ساتھ بس اسٹیشنس میں بھی یہ سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہا ہے ۔ اس سلسلہ میں آر ٹی سی انتظامیہ نے پہلے ہی ایک خانگی انٹرنیٹ کمپنی کے ساتھ بات چیت کی ہے ۔ اس فیصلے کو ریاستی حکومت کے علم میں بھی لایا گیا ہے ۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے مختلف امور کا جائزہ لینے کے لیے آر ٹی سی کے اعلیٰ عہدیداروں کا ایک اجلاس طلب کیا ہے ۔ جس پر عہدیداروں نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن بھی پیش کیا ہے جس سے مطمئن ہونے والے وزیر ٹرانسپورٹ نے وائی فائی کی سہولت پر عمل کرنے کے لیے ہری جھنڈی دکھائی ہے ۔ جس کے بعد آر ٹی سی انتظامیہ نے اپنے منصوبہ کو قطعیت دینے کے لیے کاموں میں تیزی پیدا کردی ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے تمام اقسام کے بسوں اور بس اسٹیشنوں میں ایک ساتھ وائی فائی کی سہولت پر عمل کرنے کے اقدامات کررہے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں مسافرین اپنے موبائل فون میں منتخب کردہ فلمیں اور گانے دیکھ سکتے ہیں ۔ اس کے بعد عام انٹرنیٹ کی سہولیات دستیاب کرائی جائے گی۔ تاہم فلمیں دیکھنے اور گانے سننے کے درمیان وقفہ وقفہ سے اشتہارات بھی آئیں گے ۔ آر ٹی سی انتظامیہ نے اندازہ لگایا ہے کہ اس سے بھاری آمدنی حاصل ہوگی ۔ آمدنی کو نصف انٹرنیٹ کمپنی اور نصف آر ٹی سی انتظامیہ میں تقسیم ہوگی ۔2
اس سہولت سے جہاں مسافرین کو انٹرٹنمنٹ ملے گا وہیں آر ٹی سی کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا ۔۔ 2