چیف منسٹر ریونت ریڈی افتتاح کریں گے، شناختی کارڈ کے ذریعہ مفت سفر، عنقریب اسمارٹ کارڈ کی اجرائی
حیدرآباد ۔8۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس کی جانب سے تلنگانہ عوام کیلئے اعلان کردہ 6 ضمانتوں میں مہا لکشمی اسکیم کے تحت کل 9 ڈسمبر سے آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے مفت سفر کی سہولت کا آغاز ہوگا۔ اس سلسلہ میں پرنسپل سکریٹری ٹرانسپورٹ وانی پرساد نے جی او ایم ایس 47 جاری کیا۔ جی او کے مطابق مہا لکشمی اسکیم پر عمل آوری کے رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے۔ اسکیم کے تحت تمام عمر کی خواتین اور لڑکیاں آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کرپائیں گی ۔ ان کے علاوہ تلنگانہ میں بسنے والے ٹرانس جینڈر کو بھی یہ سہولت رہے گی۔ تلنگانہ ریاست کے حدود میں پلے ویلوگو اور ایکسپریس بسوں میں مفت سفر کی سہولت کا 9 ڈسمبر سے آغاز ہوگا۔ بین ریاستی ایکسپریس اور پلے ویلوگو بسوں میں صرف تلنگانہ کی سرحد تک مفت سفر کیا جاسکتا ہے۔ خواتین کے مفت سفر کے اخراجات آر ٹی سی کو ریاستی حکومت ادا کرے گی ۔ اسی دوران مینجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی وی سی سجنار نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کل ہفتہ کو 1.30 بجے دن اسکیم کا افتتاح کریں گے ۔ وہ خاتون وزراء اور خاتون ارکان اسمبلی کے ساتھ بس میں سفر کرتے ہوئے اسکیم کا آغاز کریں گے۔ وی سی سجنار نے بتایا کہ بس بھون کے قریب اسکیم کے آغاز کے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں سٹی آرڈینری ، ایکسپریس اور میٹرو ایکسپریس بسوں میں خواتین اور لڑکیوں کو مفت سفر کی سہولت رہے گی۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی خواتین اور لڑکیاں اس سہولت سے استفادہ کر پائے گی جس کے لئے تلنگانہ کے شہری ہونے کے ثبوت کے طورپر کوئی ایک شناختی کارڈ پیش کرنا ہوگا جس پر ان کا رہائشی پتہ درج ہو، جس کے تحت انہیں زیرو ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔ سجنار نے بتایا کہ مفت سفر کیلئے کیلو میٹر کی کوئی حد نہیں رہے گی ۔ ریاست کی سرحد میں مفت سفر کیا جاسکے گا۔ مہا لکشمی اسمارٹ کارڈ اندرون ایک ہفتہ جاری کیا جائے گا ، اس وقت تک خواتین شناختی کارڈ کے ذریعہ مفت سفر کرپائیں گی۔ لڑکیوں اور طالبات کیلئے بھی اسمارٹ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ آر ٹی سی کی روزانہ آمدنی تقریباً 14 کروڑ ہے اور خاتون مسافرین سے سالانہ 2500 کروڑ کی آمدنی ہوتی ہے۔ مفت سفر کی اسکیم سے آر ٹی سی پر سالانہ 6000 کروڑ کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ وی سی سجنار نے اگست 2021 ء میں مینجنگ ڈائرکٹر کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالی اور آر ٹی سی کو خسارہ سے نکالنے میں اہم رول ادا کیا تھا۔