پے ٹی ایم ، گوگل پے سے کارڈ ری چارج ، ٹیم مشین سے اسکیاننگ
حیدرآباد :۔ تلنگانہ حکومت گذشتہ دو سال سے ریاست کے مختلف محکمہ جات میں جہاں پیپر لیس نظام پر عمل آوری کررہی ہے وہیں نقد لین دین کو گھٹا کر ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے کے اقدامات کررہی ہے ۔ جس کی وجہ سے ریاست میں اسمارٹ کارڈ کے چلن میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ اسی نظام کو تلنگانہ آر ٹی سی میں متعارف کرانے کے لیے عہدیدار اقدامات کررہے ہیں ۔ اسی حصہ کے طور پر آر ٹی سی بسوں میں غیر نقدی نظام کو فروغ دینے کی تجویز ہے ۔ فی الحال حیدرآباد میٹرو ریل میں عمل ہونے والے نظام کو آر ٹی سی بسوں میں متعارف کیا جارہا ہے ۔ اس کے لیے ایک خانگی ادارہ سے معاہدہ بھی کیا گیا ہے ۔ جس طرح حیدرآباد میٹرو ریل میں سفر کرنے کے لیے کارڈس کا استعمال لازمی ہے ۔ اسی طرح کا ایک کارڈ آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے کے لیے لازمی قرار دینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ ان کارڈس کو پے ٹی ایم ، گوگل پے اور بھیم ایپ کے ذریعہ ری چارج کیا جاسکتا ہے ۔ یہ نظام طلبہ اور ملازمین کے لیے معاون و مددگار ثابت ہوگا ۔ بس پاسس کی تجدید کے لیے گھنٹوں بس ٹرمنلس اور رینول کاونٹرس پر گھنٹوں قطاروں میں ٹھہرنے سے مسافرین کو چھٹکارا مل جائے گا ۔ پاس کاونٹرس کا دورہ کرے بغیر اپنے پاس موجود اسمارٹ کارڈس سے ری چارج کرنے کی سہولت رہے گی ۔ آر ٹی سی کارڈ کو بس میں سوار ہوتے ہی کنڈاکٹر کو بتانے پر اس کے پاس موجود ٹیم مشین سے وہ اسکیان ہوجائے گا اور کنڈاکٹر کی جانب سے ٹکٹ جاری کیا جائے گا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بہت جلد اس کی تفصیلات منظر عام پر لائی جائے گی ۔ اس نظام پر جلد از جلد عمل آوری کے لیے جنگی خطوط پر کام کیا جارہا ہے ۔ اس سے آر ٹی سی اور مسافرین دونوں کو فائدہ ہوگا ۔۔