آر ٹی سی سے 65 ایکر اراضی لیز پر دینے کیلئے ٹنڈرس طلب

   

22 علاقوں میں اراضیات کی نشاندہی ، ماہانہ 65 لاکھ تا 85 لاکھ روپئے آمدنی کی توقع
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : آر ٹی سی نے ریاست کے مختلف اضلاع میں موجود اپنی اراضیات کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے پاس مختلف اضلاع قیمتی اراضیات موجود ہیں ۔ ان میں سے فی الحال 22 علاقوں میں موجود 65 ایکر اراضیات کو لیز پر دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں ترکیمجال ، شمس آباد کے قریب رشید پورہ ، شاہ میر پیٹ ، حکیم پیٹ ، کریم نگر ، کھمم ، ونپرتی ، گدوال شامل ہیں ۔ آر ٹی سی کی جانب سے اپنی ذرائع آمدنی میں اضافہ کرنے کے لیے چھوٹی اراضیات کو پٹرول پمپس کے قیام کے لیے مختص کی تھی ۔ تھوڑی بڑی اراضیات شاپنگ مالس وغیرہ کے لیے دی گئی تھیں اس کے علاوہ ماباقی اراضیات اپنے پاس رکھی تھی ۔ ان اراضیات کو لیز پر دینے کے لیے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں ۔ یہ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ اس لیز سے آر ٹی سی کو ماہانہ 65 تا 85 لاکھ روپئے تک آمدنی ہوگی ۔ آر ٹی سی کی فی الحال روزانہ کی آمدنی میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ مہا لکشمی اسکیم کی ری ایمبرسمنٹ کے فنڈز حکومت باقاعدگی سے ادا کرتی ہے تو آر ٹی سی نفع بخش ادارہ میں تبدیل ہوجائے گا ۔ ماضی میں ہونے والے نقصانات پر تقریبا قابو پالیا گیا ہے ۔ تاہم یہ آمدنی جمع شدہ بقایا جات ، قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگی کیلئے کافی نہیں ہے ۔ حکومت کی جانب سے گرانٹ کی شکل میں کوئی رقم مختص نہ کرنے کی وجہ سے قرض لینا پڑ رہا ہے ۔ حال ہی میں 400 کروڑ روپئے قرض حاصل کیا گیا ۔ آر ٹی سی توقع کررہی ہے کہ اگر اس وقت آمدنی جمع ہوتی ہے تو بقایا جات کی ادائیگی کیلئے معاون و مددگار ثابت ہوگی ۔ ایک خانگی کمپنی کو فیصلہ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے کہ ان اراضیات کی کتنی قیمت مقرر کی جاسکتی ہے ۔ آر ٹی سی نے کمپنی کی جانب سے حوالے کی گئی رپورٹ کی بنیاد پر قیمتوں کو حتمی شکل دیتے ہوئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں ۔ جو کمپنیاں اور افراد زیادہ کوٹ کریں گے انہیں اراضیات آلاٹ کی جائیں گی ۔۔ 2