حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس رکن اسمبلی ایم یادگیری ریڈی نے آج تلنگانہ آر ٹی سی صدرنشین کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی۔ یادگیری ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ان پر جس اعتماد سے یہ ذمہ داری دی وہ اپنی صلاحیت اور قابلیت کے اعتبار سے آر ٹی سی کی ترقی کو یقینی بنائینگے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ترقی کے ساتھ آر ٹی سی کی توسیع کے اقدامات کئے جائیں گے۔ حیدرآباد کے آر ٹی سی بھون میں منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار اور دیگر عہدیداروں کی موجودگی میں یادگیری ریڈی نے نئی ذمہ داری سنبھال لی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ تجربہ کار منیجنگ ڈائرکٹر سجنار کی قیادت میں آر ٹی سی کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ جنگاؤں اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ سے محرومی کے سبب ناراض یادگیری ریڈی کو منانے کیلئے صدرنشین کا عہدہ دیا گیا ہے۔