آر ٹی سی ملازمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جگا ریڈی سے ملاقات

   

چیف منسٹر سے مذاکرات کی اپیل
تلنگانہ تحریک میں آر ٹی سی ملازمین کا غیر معمولی رول
حیدرآباد۔/11 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے آر ٹی سی ہڑتال کی تائید کی اپیل کی۔ اس موقع پر جگا ریڈی نے کہاکہ آر ٹی سی ملازمین کی خدمات کے وہ معترف ہیں اور ہمیشہ ان کے مسائل کے حل کیلئے ساتھ رہیں گے۔ جگا ریڈی نے ہڑتال کی تائید کی اور کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران آر ٹی سی ملازمین نے اہم رول ادا کیا تھا۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مانگ کی کہ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے آر ٹی سی کو فوری حکومت میں ضم کریں۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات کی عدم یکسوئی کی صورت میں حکومت کیلئے مسائل پیدا ہوں گے۔ چیف منسٹر نے خود آر ٹی سی ملازمین سے کئی وعدے کئے تھے جس کی تکمیل آج تک نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جس کے لئے حکومت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عارضی ڈرائیورس کے ذریعہ انتظامات کی صورت میں عوام حادثات سے خوفزدہ ہوکر آر ٹی سی میں سفر کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متبادل انتظامات کے بجائے چیف منسٹر کو مطالبات قبول کرنا چاہیئے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ سنگاریڈی اسمبلی حلقہ کی ترقی اور عوام کیلئے وہ کے سی آر کے آگے جھکنے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف منسٹر کے خلاف بیان بازی نہیں کریں گے اور دوسروں کو بھی گریز کرنا چاہیئے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف بھی بیان بازی بند ہونی چاہیئے۔ ہمارے لئے سنگاریڈی کی ترقی اہمیت حامل ہے اور میں جو کچھ کروں گے حلقہ کے عوام اور کانگریس کارکنوں کیلئے رہے گا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ سیاست میں داخلہ کے بعد وہ کافی مقروض ہوچکے ہیں۔ قرض کی رقم سے ہی وہ تہوار مناتے ہیں۔ مجھے 100 کروڑ روپئے کا قرض ہے لیکن کوئی اس پر بھروسہ نہیں کرتا۔ اپنی شادی شدہ زندگی میں میں نے آج تک شریک حیات کیلئے 20 تولہ سونا نہیں خریدا۔ میرے دوست احباب مجھے قرض دے کر چلارہے ہیں لیکن میں آج تک کسی کے ہاتھوں نہیں بکا ہوں اور نہ ہی مجھے کوئی خرید سکتا ہے۔