بی جے پی کے وفد کی سریندر گوڑ کے ارکان خاندان سے ملاقات ، ڈاکٹر لکشمن کا بیان
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بی جے پی کے ایک وفد نے اس پارٹی کے تلنگانہ یونٹ صدر ڈاکٹر کے لکشمن اور ایم ایل سی رامچندر راؤ کی قیادت میں خود کشی کرنے والے ٹی ایس آر ٹی سی کے کنڈکٹر سریندر گوڑ کے ارکان خاندان سے آج ملاقات کی ۔ وفد کے ارکان نے متوفی کنڈکٹر کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا جس کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں رکھی گئی ہے ۔ اس دوران ٹی ایس آر ٹی سی کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی ( جے اے سی ) نے 19 اکٹوبر کو ریاست گیر بند منانے کی اپیل کی جب کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال آج دسویں دن میں داخل ہوگئی جس کے دوران ریاست کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین گذشتہ دس دن سے احتجاج کررہے ہیں اور حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے جو کہ افسوس ناک ہے ۔ انہوں نے ملازمین سے خود کشی نہ کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کے بعد بھی لوگ خود کشی کررہے ہیں ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ آر ٹی سی ملازمین سے بات کرتے ہوئے ان کے مسئلہ کو جلد حل کریں ۔۔