شادنگر میں منعقدہ پروگرام سے کانگریس قائد ڈاکٹر ملو روی کا خطاب
شادنگر /8 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آنے والے دنوں میں تلنگانہ ریاست میں کے سی ار کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہے گا ۔ ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین اپنے حقوق کیلئے اور اپنے مطالبات کی یکسوئی و حل کیلئے خاموش انداز میں احتجاج کر رہے ہیں ۔ اس کے باوجود چیف مسنٹر کے سی آر کو آر ٹی سی ملازمین کیلئے کوئی بھی ہمدردی پیدا نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ٹی پی سی سی نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے شادنگر کے سائی راجا فنکشن ہال میں ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین میں 2 لاکھ روپئے مالیت کے غذائی اجناس کی تقسیم کی تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر ملو روی نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل پر حکومت سنجیدگی کے ساتھ غور کرنے کے بجائے ملازمین کے متعلق سخت فیصلہ اور سخت اقدام کرتے ہوئے منہ پھیر رہی ہے ۔ سابقہ ایم ایل اے ومشی چندر ریڈی نے جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو آر ٹی سی ملازمین سے کسی بھی طرح کی ہمدردی نہیں دیکھ رہی ہے ۔ جبکہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال 34 ویں دن میں داخل ہوگئی ۔ آر ٹی سی ملازمین کے حقوق کیلئے کانگریس پارٹی آواز اٹھانے کی حکومت کے رویہ کی وجہ سے کئی ایک آر ٹی سی ہڑتالی ملازمین نے اپنی قیمتی جانیں گنوادیں ۔ اس کے باوجود حکومت اور کے سی آر کے اوپر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔ حکومت کے سخت رویہ کی وجہ سے ایک طرف آر ٹی سی ملازمین سڑکوں پر آرہے ہیں اور مختلف انداز میں احتجاج کر رہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی قائد شادنگر ویرلہ پلی شنکر کی قیادت میں منعقدہ تقریب سے اوپرپلی شنکر ، محمد علی خان بابر ، نرسمہا ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین نے مخاطب کرتے ہوئے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین کے درپیش مسائل کی یکسوئی کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر سی پی آئی ، سی پی ایم ، سی آئی ٹی یو ، جے اے سی قائدین کے علاوہ دیگر جے اے سی تنظیموں سے وابستہ قائدین موجود تھے ۔