کے سی آر کو مسائل کی یکسوئی سے زیادہ آر ٹی سی کو خانگیانے کی فکر
حیدرآباد۔9۔اکتوبر ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین کی برطرفی سے متعلق حکومت کے فیصلہ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ آر ٹی سی ملازمین کی یونینوں کو بات چیت کے لئے مدعو کریں تاکہ ہڑتال کا خوشگوار حل تلاش کیا جاسکے۔ آر سی کنتیا نے کہا کہ کسی نوٹس کے بغیر 50,000 ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ ہزاروں خاندانوں کی زندگی سے کھلواڑ ہے ۔ حکومت نے انتخابات سے قبل آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ کئی وعدے کئے تھے۔ آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے اور سرکاری ملازمین کے مماثل مراعات فراہم کرنے کا کے سی آر نے وعدہ کیا تھا لیکن حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی کے سی آر کا رویہ تبدیل ہوچکا ہے ۔ کنتیا نے کہا کہ حکومت کے ہٹ دھرمی کے رویہ کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سنجیدہ ہے تو ہڑتال کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت کو ہڑتال ختم کرنے سے زیادہ آر ٹی سی کو خانگیانے کی فکر ہے۔ کانگریس پارٹی اس جدوجہد میں آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے۔