دوہری اُلجھن اور عجیب صورتحال، چیف منسٹر سے ہمدردی کی درخواست
حیدرآباد۔/27نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن( ٹی ایس آر ٹی سی ) کے ملازمین اپنی 52 روزہ ہڑتال گزشتہ روز ختم کرنے کے باوجود ملازمتوں پر رجوع بکار ہونے سے حکومت کی طرف سے روک دیئے جانے پر دوہری اُلجھن اور عجیب صورتحال سے دوچار ہوچکے ہیں۔ ہزاروں ملازمین چہارشنبہ کو بھی اپنے متعلقہ ڈپوز اور دفاتر پہنچے لیکن انہیں اندر داخلہ اور کام پر رجوع ہونے سے روک دیا گیا۔عثمانیہ یونیورسٹی پولیس اسٹیشن حدود میں تقریباً ایسے 100 آر ٹی سی ورکرس کو پولیس نے حراست میں لے لیا جو اپنے کام پر رجوع ہونے کیلئے اصرار کررہے تھے۔ ملازمین نے تقریباً دو ماہ سے تنخواہوں سے محرومی اور کام نہ ہونے کے سبب درپیش مشکلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرے۔ ملازمین نے کہا کہ چیف منسٹر سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ مداخلت کریں اور اس مسئلہ کا خوشگوار حل کرتے ہوئے پریشان حال ملازمین کو راحت پہنچائیں۔