چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں پرگتی بھون پر ٹرانسپورٹ عہدیداروں کا اجلاس
حیدرآباد /25 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کی قیادت میں آج پرگتی بھون میں ٹرانسپورٹ عہدیداروں اور آر ٹی سی حکام کا ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ آر ٹی سی ملازمین کی جانب سے ہائی کورٹ میں داخل کردہ اپنے مطالبات کی فہرست کا اجلاس میں جائزہ لیا گیا اور ان مطالبات پر چیف منسٹر نے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا گیا لیکن آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کے مطالبہ پر کوئی غور نہیں کیا گیا ۔ 21 دن سے جاری ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے پیش نظر چیف منسٹر نے صورتحال کا جائزہ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کل صبح 11 بجے بس بھون میں ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین یونینوں اور آر ٹی سی انتظامیہ کے درمیان بات چیت متوقع ہے ۔ دیپاولی کے موقع پر ٹی ایس آر ٹی سی ہڑتالی ملازمین کو ڈیوٹی پر رجوع ہونے کی ترغیب دی جائے گی ۔ اس ہڑتال کو ختم کرانے کیلئے بات چیت میں پہل کی جارہی ہے ۔ جس میں 12 نکات پر تبادلہ خیال ہوگا ۔ دیپاولی کے موقع پر مسافرین کی آمد و رفت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ مسافرین کو مشکلات سے بچانے کیلئے متبادل انتظامات کئے جارہے ہیں تاہم کل کی بات چیت کے بعد ہڑتال ختم ہونے کی توقع ہے ۔ اجلاس میں شریک ٹرانسپورٹ پرنسپل سکریٹری سنیل شرما آئی اے ایس نے بتایا کہ کل آر ٹی سی انتظامیہ اور ہڑتالی ملازمین کے درمیان بات چیت ہوگی ۔ جس میں 12 مختلف نکات پر غور و خوض کیا جائے گا ۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اس ہڑتال کو فوری ختم کیا جائے ۔ واضح رہے کہ ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کے خلاف چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ کے بیان کی اپوزیشن کی جانب سے مذمت کئے جانے کے بعد یہ تبدیلی دیکھی جارہی ہے ۔ آر ٹی سی ملازمین کی یہ ہڑتال 5 اکٹوبر سے شروع ہوئی تھی ۔ دسہرہ کے موقع پر آر ٹی سی ہڑتال کے باعث مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔