سیاہ پٹیاں باندھ کر خدمات کی انجام دہی
حیدرآباد۔10اکٹوبر(سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید میں سنگارینی کالریز کے ملازمین نے آج سیاہ پٹیاں نصب کرتے ہوئے خدمات انجام دی اور آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی مکمل تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے آرٹی سی ملازمین کی جائز مانگ کو پورا کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے اور حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے آر ٹی سی کے ساتھ دیگر محکمہ جات اور اداروں کے ملاز مین کو بھی ان کے احتجاج میں شامل ہونا چاہئے اور ان سے اظہار یگانگت کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال پر اختیار کئے گئے رویہ پر سنگارینی ملازمین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت سرکاری محکمہ جات اور ادارو ں سے یونین کلچر کو ختم کرتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ سنگارینی کالریز ملازمین کی جانب سے آر ٹی سی ملازمین کی ہرتال کی تائید اور اظہار یگانگت پر تلنگانہ آر ٹی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جے اے سی کو توقع ہے کہ انہیں دیگر محکمہ جات‘سیاسی جماعتوں کے علاوہ عوام کی بھی مکمل تائید حاصل ہوگی کیونکہ ان کی یہ جدوجہد آر ٹی سی کے تحفظ کیلئے ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ہڑتالی ملازمین کے خلاف ظالمانہ رویہ اختیار کیا جار ہاہے ۔