آر ٹی سی ملازمین کے حق میں کانگریس کی قانونی جدوجہد

   

رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا اعلان، حکومت کو ملازمین کی برطرفی کا اختیار نہیں
حیدرآباد۔7 ۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اعلان کیا کہ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کے حل کے لئے قانونی لڑائی لڑی جائے گی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی آر ٹی سی ہڑتال کی مکمل تائید کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو حکومت کی جانب سے دھمکیاں اور ملازمت سے برطرفی کا اعلان غیر قانونی ہے۔ ملازمین نے ہڑتال کی نوٹس کے بعد ہی حکومت کی جانب سے کوئی مثبت فیصلہ نہ کئے جانے پر احتجاج کا آغاز کیا تھا ۔ ایسے میں حکومت کو ملازمین کے خلاف کارروائی کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔ انہوں نے ملازمین سے کہا کہ وہ حکومت کی ہراسانی اور دھمکیوں سے خوفزدہ نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے چار کروڑ عوام ہڑتالی ملازمین کے ساتھ ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے ملازمین کے مطالبات کو حق بجانب قرار دیا اور کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے وعدوں کی تکمیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی طرح سرکاری ملازمین کے ساتھ بھی ناانصافیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے سرکاری ملازمین سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لئے متحد ہوجائیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر قانونی جدوجہد کے ذریعہ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی یکسوئی کی جائے گی۔