آر ٹی سی میں 182 کروڑ خواتین کا مفت سفر، 6088 کروڑ معاوضہ جاری

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد میں 2800 الیکٹرک بسیں متعارف، سوریہ پیٹ میں 45 الیکٹرک بسوں کا افتتاح، ڈپٹی چیف منسٹر
حیدرآباد 9 جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ تلنگانہ میں خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت کے تحت حکومت کی جانب سے تاحال آر ٹی سی کو 6088 کروڑ جاری کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی کی جانب سے 182 کروڑ زیرو ٹکٹ جاری کئے گئے۔ بھٹی وکرامارکا نے سوریہ پیٹ ضلع میں آر ٹی سی کی الیکٹرک بسوں کا افتتاح انجام دیا۔ اِس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، ارکان مقننہ پدماوتی ریڈی، شنکر نائک، ادنکی دیاکر، ایم سیموئیل اور دوسرے موجود تھے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ مہا لکشمی اسکیم نے ملک بھر میں غیرمعمولی مقبولیت حاصل کرلی اور دیگر ریاستوں میں خواتین کی جانب سے مہا لکشمی اسکیم کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ آر ٹی سی کو مہا لکشمی اسکیم کے معاوضہ کے طور پر حکومت نے 6088 کروڑ جاری کئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی کو مستحکم کرتے ہوئے الیکٹرک بسوں کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ حکومت نے آر ٹی سی ملازمین کے مسائل پر ہمدردانہ موقف اختیار کیا ہے۔ سابق بی آر ایس حکومت نے آر ٹی سی کو خانگیانے کی سازش کی تھی لیکن کانگریس نے انتخابی وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے آر ٹی سی کو ہر اعتبار سے مستحکم کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ موجودہ عصری تقاضوں کی تکمیل کرتے ہوئے آر ٹی سی کی خدمات کو عصری بنایا جارہا ہے۔ حکومت اور آر ٹی سی ملازمین میں بہتر تال میل کے ذریعہ آر ٹی سی کا تحفظ کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ میں تبدیل کیا جائے گا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ عوامی اثاثہ جات اور اداروں کو بی آر ایس حکومت نے نظرانداز کردیا تھا اور خانگی شعبہ کے حوالہ کرنے کی تیاری کی گئی۔ بھٹی وکرامارکا نے سوریہ پیٹ میں آر ٹی سی کی 45 الیکٹرک بسوں کا افتتاح کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت کے سبب آر ٹی سی کا تحفظ ہوسکا۔ اُنھوں نے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کی ستائش کی جنھوں نے ادارہ کے استحکام میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سوریہ پیٹ آر ٹی سی ڈپو کے لئے 79 بیاٹری بسوں کی منظوری دی گئی ہے۔ حیدرآباد میں آلودگی پر قابو پانے 2800 الیکٹرک بسوں کو متعارف کیا گیا ہے جو آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں عوام کیلئے دستیاب رہیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے وقت جبکہ آر ٹی سی کا مستقبل خطرہ میں دکھائی دے رہا تھا پونم پربھاکر نے آر ٹی سی کا نہ صرف تحفظ کیا بلکہ اُسے ہر اعتبار سے مستحکم کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے مستقبل میں خدمات میں مزید بہتری کا تیقن دیا۔1