آر ٹی سی میں 2375 نئی بسیں متعارف کرنے کا منصوبہ

   

9 ڈسمبر سے تاحال 11 کروڑ خواتین کا بسوں میں مفت سفر

حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ آر ٹی سی سجنار نے کہا کہ مرحلہ واری اساس پر 2375 بسیں متعارف کرائی جائیں گی۔ بس بھون میں منعقدہ یوم جمہوریہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سجنار نے کہا کہ کئی مجاہدین کی قربانیوں سے ہندوستان آزاد ہوا ہے، ہر شہری کو ملک کی ترقی میں تعاون کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہالکشمی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت فراہم کی ہے اس اسکیم پر ریاست میں کامیابی سے عمل ہونے کا دعویٰ کیا۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے 7200 پلے ویلگو، ایکسپریس، منی آرڈینری، میٹرو ایکسپریس بسوں میں مہا لکشمی اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ 9 ڈسمبر سے تاحال 11 کروڑ خواتین نے بسوں میں مفت سفر کیا ہے۔ اسکیم کے تحت ہر دن اوسطاً 27 لاکھ خواتین اس اسکیم سے استفادہ کررہی ہیں۔ آر ٹی سی کے عہدیدار اور ملازمین ایمانداری و دیانتداری سے کام کررہے ہیں جس کی وجہ سے یہ اسکیم کامیاب ہوئی ہے۔ بسوں میں سفر کرنے والی خواتین کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے جس کے پیش نظر آر ٹی سی انتظامیہ نے 1325 ڈیزل اور 1050 الیکٹرک بسوں کی خدمات متعارف کرائی گئی ہیں۔2375 بسوں کو مرحلہ وار اساس پر متعارف کرایا جائے گا۔ بسوں کی خریدی کیلئے حکومت سے مدد حاصل کی جائے گی۔ ساتھ ہی بہت جلد ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کا تقرر کیا جائے گا۔ وراثتی تقررات کے تحت 813 کنڈکٹرس کے تقرر کا عمل شروع کیا جائے گا۔80 آر ٹی سی کانسٹبلس کی تربیت جاری ہے جو فروری میں مکمل ہوجائے گی۔ آر ٹی سی عملہ کے زیر التواء مسائل کو حکومت سے رجوع کیا گیا ہے۔ انہیں حل کرنے کے معاملہ میں حکومت نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔2