سالانہ 300 کروڑ روپئے کی آمدنی کا منصوبہ ۔ ملازمین کو کارگو شعبہ میں تبادلے کرنے کی بھی تیاریاں
حیدرآباد : /30 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی نے کارگو خدمات پر بہتر عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے کارگو چارجس میں 10 تا 100 روپئے کا اضافہ کردیا ہے جس پر /26 ڈسمبر سے عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے ۔ آر ٹی سی نے کارگو خدمات سے سالانہ کم از کم 300 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل کرنے کی حکمت عملی تیاری کی ہے ۔ خسارے میں چلنے والے آر ٹی سی کو فائدے بخش ادارے میں تبدیل کرنے کیلئے ٹی ایس ۔ آر ٹی سی کی جانب سے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس کے لئے اشیاء کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل کرنے کیلئے کارگو خدمات کا آغازکیا ہے ۔ مارکٹ میں موجود مختلف دوسرے اداروں کے بہ نسبت کم قیمت پر کارگو کی خدمات پیش کی جس پر عوام کا مثبت ردعمل حاصل ہوا ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا کارگو خدمات پر بھی اثر پڑا ہے ۔ کارگو کے ذریعہ آمدنی بڑھانے کے علاوہ خدمات کو توسیع دینے کیلئے آر ٹی سی کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ فی الحال آر ٹی سی کارگو سے روزانہ 20 لاکھ روپئے کی آمدنی حاصل ہورہی ہے ۔ جس کو سالانہ 300 کروڑ روپئے تک بڑھانے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔ آئندہ تین ماہ کے دوران یومیہ آمدنی کو 20 لاکھ سے بڑھاکر 50 لاکھ کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ چند بسوں کو ٹرانسپورٹ کیلئے خصوصی ڈیک تیار کئے گئے ہیں ۔ مزید چند بسوں کے پچھلے حصہ میں کم از کم دو ٹن وزنی اشیاء رکھنے کی گنجائش کاانتظام کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر گزشتہ سال ٹی ایس آر ٹی سی کارگو خدمات کا آغاز کیا گیا ۔ آر ٹی سی کے فاضل ملازمین اور عہدیداروں کو کارگو شعبہ میں تبادلے کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ہر ڈپو ۔ بس اسٹیشن کے علاوہ دیگر اہم مقامات پر کارگو کاؤنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ن