عہدیداروں کی جانب سے دو تجاویز تیار۔ عنقریب تجاویز چیف منسٹر آفس کو روانہ کی جائیں گی
حیدرآباد۔/23 ستمبر، ( سیاست نیوز) آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کرنے عہدیداروں کی جانب سے تجاویز تیار کی جارہی ہیں ۔ فی الحال کیلو میٹر پر 25 پیسے اضافہ کی تجویز تیار کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ کیلو میٹر پر 28 تا30 پیسے بڑھانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ عہدیداروں کی رپورٹ پر کابینہ میں جائزہ لینے کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائیگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے منگل کو پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا۔ عہدیداروں نے نقصانات پر قابو پانے آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ کی تجویز پیش کی جس پر چیف منسٹر نے انہیں تجاویز تیار کرنے پر کابینی اجلاس میں غور کرکے قطعی فیصلہ کا تیقن دیا۔ اس کے بعد عہدیدار تجاویز کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں۔ ڈیزل اور ٹائیر کے علاوہ دوسری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے آر ٹی سی پر اضافی مالی بوجھ عائد ہورہا ہے جس سے آر ٹی سی کو نجات دلانے ہر کیلو میٹر پر 25 پیسے اضافہ کرنے عہدیداروں نے تجویز کیا۔ دو سال قبل ڈسمبر 2019 میں فی کیلو میٹر 20 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس وقت ڈیزل کی قیمت 65 روپئے فی لیٹر تھی ۔ دو سال میں فی لیٹر ڈیزل کی قیمت پر 22 روپئے کا اضافہ ہوگیا جس سے آر ٹی سی پر سالانہ 500 کروڑ کا اضافی بوجھ عائد ہورہا ہے۔ ٹائرس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس سے آر ٹی سی پر سالانہ 180 کروڑ روپئے کا اضافی بوجھ عائد ہورہا ہے۔ آر ٹی سی کو خسارے سے نفع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے دو تجاویز تیار کی گئی ہیں جس پر قطعی فیصلہ کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ ن