جیون ریڈی کا الزام، تلنگانہ تحریک میں دیئے گئے تیقنات سے انحراف
حیدرآباد۔/5اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے تلنگانہ تحریک کے دوران آر ٹی سی ملازمین کو دیئے گئے تیقنات سے انحراف کرلیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہڑتالی ملازمین کے مطالبات کی فی الفور یکسوئی کریں تاکہ ہڑتال کے خاتمہ کے ذریعہ لاکھوں عوام کو مشکلات سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین ناگزیر صورتحال میں ہڑتال کے فیصلہ پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ورکرس کے ساتھ ناانصافی کرے گی تو اسے خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ یہ وہی آر ٹی سی ملازمین ہیں جنہوں نے تلنگانہ تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور تحریک میں نئی جان پیدا کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کے ساتھ دھوکہ دہی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کو پڑوسی ریاست کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی سے سبق لینا چاہیئے جنہوں نے آر ٹی سی کو نقصانات سے بچانے کیلئے حکومت میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت آر ٹی سی کو خانگیانے کی سازش کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ ملازمین کو برطرفی کی دھمکی دی گئی۔ جیون ریڈی نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ چھ برسوں میں ہر شعبہ کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔