حکومت کو مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی نہیں، ہڑتال کو کانگریس کی تائید
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے آر ٹی سی ملازمین کو ہڑتال کی صورت میں برطرف کرنے کی دھمکی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو ملازمین کے مسائل سے زیادہ انہیں برطرف کرنے میں دلچسپی دکھائی دیتی ہے تاکہ آر ٹی سی کو خانگیانے کا راستہ ہموار ہوجائے۔ پونالہ لکشمیا نے حکومت پر ملازمین کو بلیک میل کرنے کا الزام عائد کیا اور کے سی آر کی تقاریر کو یاددلایا جو انہوں نے تلنگانہ تحریک کے دوران آر ٹی سی ملازمین کے حق میں کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک لاکھ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال نہیں ہے بلکہ کروڑوں افراد کو سہولت فراہم کرنے والے ادارہ کے تحفظ کا مسئلہ ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ اسے اپنی اَنا کا مسلہ بنائے بغیر فوری حل تلاش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے جائز مطالبات کے حل کے بجائے چیف منسٹر غرور و تکبر کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتیں آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ ہیں اور احتجاج کرنا ملازمین کا بنیادی حق ہے۔ ملازمین نے 60 دن پہلے ہڑتال کی نوٹس دی تھی لیکن حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی۔ 35 دن گزرنے کے باوجود ملازمین کے نمائندوں کو بات چیت کیلئے مدعو نہیں کیا گیا۔ پونالہ لکشمیا نے کہا کہ نہ صرف آر ٹی سی بلکہ دیگر محکمہ جات کے ملازمین بھی حکومت کے رویہ سے ناراض ہیں۔ سرکاری ملازمین کو پی آر سی اور فٹمنٹ کی ادائیگی میں تاخیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تہواروں کے پیش نظر ہڑتال ختم کرنے کی مساعی کرنے کے بجائے ملازمین کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال اور عوامی تکالیف کیلئے چیف منسٹر ذمہ دار ہیں۔