یکم مارچ سے عمل آوری، مسافت کے اعتبار سے 5 تا 15 روپئے کی بچت ہوگی
حیدرآباد ۔27 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی نے موسم گرما سے قبل میٹرو ڈیلکس اور اے سی میٹرو بس سرویسز کی ٹکٹوں کی شرح میں 25 تا 30 فیصد کی کمی کا فیصلہ کیا ہے ۔ نظر ثانی شدہ شرحوں پر یکم مارچ سے عمل آوری ہوگی اور تین ماہ تک ٹکٹوں کی شرح میں کمی برقرار رہے گی۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے اگزیکیٹیو ڈائرکٹر وینکنا نے بتایا کہ میٹرو ڈیلکس اور اے سی بسوں میں مسافرین کی تعداد میں اضافہ کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد شہر کے حدود میں عوام کو آر ٹی سی میں بہتر اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہا لکشمی اسکیم میٹرو ڈیلکس اور اے سی بسوں میں قابل عمل نہیں ہے۔ ٹکٹوں کی شرح میں کمی کے فیصلہ سے مسافرین کو آرڈنری بسس میں موجود اضافی تعداد سے بچتے ہوئے میٹرو ڈیلکس اور ایرکنڈیشنڈ بسوں میں سفر کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ میٹرو ڈیلکس بسوں میں کرایہ 4 کیلو میٹر کیلئے 30 روپئے تھا جسے گھٹاکر 25 روپئے کیا جارہا ہے ۔ ای میٹرو اے سی بسوں میں 4 کیلو میٹر کا کرایہ 35 روپئے سے گھٹاکر 25 روپئے کیا جائے گا۔ اے سی بسوں میں مسافرین کی تعداد میں اضافہ کیلئے یہ فیصلہ مددگار ثابت ہوگا۔ حیدرآباد میں اے سی بسوں کی تعداد تقریباً 60 فیصد ہے اور اضافی شرحوں کے نتیجہ میں مسافرین کی تعداد کم دیکھی جارہی ہے ۔ عہدیدارں کا ماننا ہے کہ اے سی اور میٹرو ڈیلکس بسوں کے کرایہ میں کمی سے مسافرین کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ بسوں کے مینٹننس کیلئے آر ٹی سی حکام پر بوجھ میں کمی واقع ہوگی۔ 1 تا 3 کیلو میٹر سفر کیلئے مسافرین کو میٹرو ڈیلکس بسوں میں 10 روپئے اور اے سی میٹرو بسوں میں 5 تا 15 روپئے کی بچت ہوگی۔ 4 تا 15 کیلو میٹر سفر کی صورت میں میٹرو ڈیلکس بسوں میں 5 تا 10 روپئے کی بچت ہوگی جبکہ ای میٹرو بسوں میں 10 تا 15 روپئے کی بچت ہوگی۔ میٹرو ڈیلکس اور ای میٹرو بسوں میں 16 تا 21 کیلو میٹر سفر کی صورت میں 10 تا 15 روپئے کی بچت ہوگی۔ 22 تا 30 کیلو میٹر سفر کی صورت میں دونوں زمرہ جات کی بسوں میں 5 تا 10 روپئے کی بچت ہوگی۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 275 میٹرو ڈیلکس اور 90 ایرکنڈیشنڈ بسیں چلائی جارہی ہیں۔ آر ٹی سی حکام کو امید ہے کہ کرایہ میں کمی سے مسافرین میں آر ٹی سی میں سفر کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔1