سجنار پر مخالف ورکرس رویہ اختیار کرنے کا الزام، آبپاشی پراجکٹس اور کسانوں کے مسائل پر احتجاجی منصوبہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ آر ٹی سی کے تحفظ کیلئے جلد ہی جدوجہد کا آغاز کیا جائے گا ۔ مخدوم بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سامبا سیوا راؤ نے آر ٹی سی کے مینجنگ ڈائرکٹر سجنار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سجنار چیف منسٹر یا وزیر ٹرانسپورٹ نہیں بلکہ صرف مینجنگ ڈائرکٹر ہیں، انہیں اپنے حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے ۔ آر ٹی سی ورکرس کے خلاف ان کا رویہ افسوسناک ہے۔ سی پی آئی سکریٹری نے سجنار کو مشورہ دیا کہ وہ مخالف ورکرس رویہ ترک کردیں۔ انہوں نے کہا کہ سجنار انکاؤنٹر اسپیشلسٹ ہوسکتے ہیں لیکن آر ٹی سی ملازمین میں اس طرح کا خوف کا ماحول پیدا کرنا ٹھیک نہیں ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ورکرس مخالف رویہ ترک نہیں کیا جائے گا تو سی پی آئی سجنار کے خلاف احتجاج منظم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت آر ٹی سی اور دیگر عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کی مخالف ہے لیکن آر ٹی سی میں عہدیداروں کی جانب سے ورکرس کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی کی یوم تاسیس تقاریب 11 تا 17 ستمبر منائی جائیں گی۔ سامبا سیوا راو نے کہا کہ پارٹی کے حالیہ ریاستی اجلاس میں مختلف قراردادیں منظور کرتے ہوئے عوامی مسائل پر سی پی آئی نے اپنا رخ واضح کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیارم اسٹیل فیکٹری کے قیام کے لئے پارٹی نے جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔ آبپاشی پراجکٹس اور کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے بھی سی پی آئی جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ پراجکٹس کے نام پر غریبوں کے مکانات منہدم کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی ترقی کے خلاف نہیں ہے لیکن غریبوں کو بے گھر کرنے کی مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سی پی آئی کی یوم تاسیس کے ضمن میں ڈسمبر میں کھمم میں جلسہ عام منعقد ہوگا۔ آنجہانی ایس سدھاکر ریڈی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 30 اگست کو رویندرا بھارتی میں جلسہ عام منعقد ہوگا۔ تلگو ریاستوں کے دونوں چیف منسٹرس کو مدعو کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی انتخابات میں سی پی آئی زائد نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ سی پی ایم اور کانگریس سے مفاہمت کی صورت میں متحدہ مقابلہ کیا جائے گا۔1