آر ٹی سی کے مکمل بسس چلانے کے اقدامات

   

محکمہ ٹرانسپورٹ اور آر ٹی سی عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ، وزیر پی اجئے کمار کی ہدایت
حیدرآباد۔21اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پی اجئے کمارنے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ آر ٹی سی ہڑتال کی صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ بہت جلد تمام بسیں سڑکوں پر آجائیں گی اور اب 50 فیصد بسیں چلائی جا رہی ہیں ۔انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کے علاوہ آر ٹی سی کے اعلی عہدیداروں کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کے دوران صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ اسکول اور کالجس کی کشادگی کے بعد طلبہ کو راحت پہنچانے کے اقدامات یقینی بنائے جائیں اور ہر علاقہ میں بس خدمات کو پہنچانے کی ممکنہ کوشش کی جائے۔ویڈیو کانفرنس کے درمیان میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بھی کچھ دیر حصہ لیا اور ہدایات جاری کرتے ہوئے مکمل بسیں چلانے کے اقدامات کو تیزکرنے کی تاکید کی ۔ وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پی اجئے کمار نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات عوام کو راحت پہنچانے کیلئے کئے جارہے ہیں اور اب عوام کو آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا نہیں پڑرہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے عوام مطمئن ہیں ۔ مسٹر اجئے کمار نے واضح کیا کہ اسکولوں اور کالجس کی کشادگی کے موقع پر امکانی مشکلات پر جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بسیں چلانے کے لئے کوشش کی جا رہی ہے اور حکومت مؤظف اور عارضی ڈرائیورس کی خدمات حاصل کرتے ہوئے تکالیف کو کم سے کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔مسٹر اجئے کمار نے ویڈیو کانفرنس کے دوران پڑوسی ریاستوں سے تلنگانہ اور حیدرآباد پہنچنے والی بسوں کے متعلق بھی تفصیلات سے آگہی حاصل کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آر ٹی سی مسافرین کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے بسوں کے تحفظ کیلئے جو اقدامات کئے گئے ہیں اس کے سبب ریاست میں پڑوسی ریاستوں سے پہنچنے والوں کی تعداد میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے لیکن ان کو سفر میں بسوں کی قلت کے سبب جو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ان مشکلات کو دور کرنے کا بھی حکومت کی جانب سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران بین ریاستی اور بین ضلعی طویل مسافت کی بسوں کو مکمل طور پر شروع کردیا جائے گا اور شہر میں چلائی جانے والی بسوں کی تعداد میں اضافہ کے سلسلہ میں جاری اقدامات کے آئندہ دو یا تین یوم میں مثبت نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے۔