آر ٹی سی ہڑتال پر چیف منسٹر سے بات کرنے نیتن گڈکری کا تیقن

   

وزیر ٹرانسپورٹ اور عہدیداروں کو دہلی طلب کیا جائے گا، کشن ریڈی اور بی جے پی ارکان کی مرکز سے مداخلت کی اپیل
حیدرآباد۔/21نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاری آر ٹی سی ہڑتال پر مرکزی حکومت نے توجہ مبذول کی ہے۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر بہت جلد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کو دہلی طلب کرتے ہوئے اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ آر ٹی سی ہڑتال کا حل تلاش کرنے کیلئے مرکز سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی اور بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ بی سنجے، ڈی دھرما پوری اروند اور ایس باپو راؤ نے نیتن گڈکری سے نمائندگی کی تھی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ انصاف کرنے کیلئے مرکزی وزیر سے خواہش کی گئی۔ آر ٹی سی معاملہ میں مداخلت کا مرکزی حکومت کو مکمل اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ حکومت کا انتقامی رویہ ہے جس کے نتیجہ میں مسئلہ کا حل تلاش کئے بغیر حکومت مسائل کی یکسوئی کو نظرانداز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آر ٹی سی کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے بھی تیار نہیں ہے۔ کشن ریڈی کے مطابق مرکزی وزیر نے چیف منسٹر کے سی آر سے بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ کا حل تلاش کرنے کا تیقن دیا۔ رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے الزام عائد کیا کہ آر ٹی سی ہڑتال کے مسئلہ پر چیف منسٹر کا رویہ قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہڑتال کے سبب ملازمین معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزیر نے کے سی آر سے بات چیت کی کوشش کی لیکن وہ دستیاب نہیں رہے۔ کشن ریڈی نے کہاکہ آر ٹی سی ہڑتال کی یکسوئی کیلئے مرکزی حکومت سے مداخلت اور ضروری قدم اٹھانے کی درخواست کی گئی۔