اپواینٹمنٹ دینے سے انکار، پون کلیان کا اظہار حیرت
حیدرآباد۔/2 نومبر، ( سیاست نیوز) جنا سینا کے صدر پون کلیان نے کہا کہ آر ٹی سی مسئلہ پر بات چیت کیلئے ٹی آر ایس کے اہم قائدین تیار نہیں ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پون کلیان نے کہا کہ تلنگانہ میں آر ٹی سی کے ملازمین ہڑتال کے سبب مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ گزشتہ دو ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرنے کیلئے انہوں نے وقت طلب کیا لیکن ابھی تک انہیں وقت نہیں دیا گیا۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت کے ذمہ دار آر ٹی سی ہڑتال پر بات چیت کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وشاکھاپٹنم میں لانگ مارچ کے بعد وہ پھر ایک بار کے سی آر سے ملاقات کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنا سینا آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ ہے اور ان کے مطالبات کی تائید کرتی ہے۔ پون کلیان نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر، رکن پارلیمنٹ کے کیشو راؤ اور وزراء سے ملاقات کی ان کی کوششوں کو کامیابی نہیں ملی۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر کے ساتھ دیگر قائدین بھی اس مسئلہ پر بات چیت کیلئے تیار دکھائی نہیں دیتے۔