سی پی آئی قائدین کی غیرمعینہ بھوک ہڑتال ، ایس سدھاکر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 اکٹوبر (این ایس ایس) تلنگانہ ریاست گیر سطح پر آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید و حمایت میں سی پی آئی کے سابق رکن اسمبلی کے سامباسیوا راؤ نے آج مخدوم بھون حمایت نگر میں غیرمعینہ بھوک ہڑتال کا آغاز کیا ہے۔ بھوک ہڑتالی کیمپ کا افتتاح سینئر پارٹی لیڈر ایس سدھاکر ریڈی نے کیا اور سامباسیوا راؤ کے ساتھ وہ بھی بھوک ہڑتال میں شامل ہوگئے۔ اس موقع پر سدھاکر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ پر الزام لگایا کہ وہ آر ٹی سی کو ختم کرکے کارپوریشن کے قیمتی اثاثوں کو ہڑپنے کوشاں ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کو یاد دلایا کہ کارپوریشن کمرشیل آرگنائزیشن نہیں ہے بلکہ یہ عوامی ٹرانسپورٹ کارپوریشن ہے جبکہ سامباسیواراؤ نے خطاب کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین کے تئیں چیف منسٹر کے رویہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کیلئے تلنگانہ تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے ملازمین کے ساتھ اس طرح کا رویہ نامناسب ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے ہڑتالی ملازمین کی ملازمتوں سے برخاستگی کی دھمکی پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کی یکسوئی تک وہ اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا۔