ممبئی: بالی ووڈ میں اپنی شیریں موسیقی سے سامعین کے دلوں پرجادو کرنے والے عظیم موسیقارراہل دیو برمن عرف آر ڈی برمن آج ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن آج بھی ان کی آوازذرہ ذرہ میں گونجتی ہوئی محسوس ہوتی ہے جسے سن کر سامعین کے دل سے بس ایک ہی صدا نکلتی ہے۔چرا لیا ہے تم نے جو دل کو…..۔آر ڈی برمن 27جون 1939 کو کولکاتا میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ایس ڈی برمن مشہور فلمی موسیقار تھے ۔گھر میں موسیقی کا ماحول ہونے کی وجہ سے ان کا رجحان بھی موسیقی کی جانب ہو گیا۔ انہوں نے اپنے والد سے موسیقی کی تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ استاد علی اکبر خان سے سرودکی تعلیم حاصل کی۔آر ڈی برمن نے فلمی کیریئر کا آغاز اپنے والد کے ساتھ بطورمعاون موسیقار کے طور پر کیا۔ ان فلموں میں‘‘ چلتی کا نام گاڑی( 1958) اور کاغذ کے پھول (1959) جیسی سپر ہٹ فلمیں بھی شامل ہیں۔ بطور موسیقار انہوں نے اپنے فلمی سفر کا آغاز سال 1961 میں اداکار محمود کی فلم ‘‘چھوٹے نواب’’ سے کیا تھالیکن اس فلم سے انہیں کوئی خاص شہرت حاصل نہیں ہوئی۔ان کی مشہور فلموں میں تیسری منزل، سیتا اور گیتا ، میرے جیون ساتھی، بامبے ٹو گوا، پریچے، شعلے اور 1942 ایک لو اسٹوری قابل ذکر ہیں۔ 4 جنوری 1993 ء کو ان کا دیہانت ہوگیا۔