بعض افراد کی ظالمانہ حرکت پر کارروائی کا مطالبہ ، پولیس سے شکایت
آرمور:21/فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور میں ٹی ایس آر ٹی سی ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کا احتجاج ان پر حملہ کرنے والے کو سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے آرمور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ۔ آرمور آر ٹی سی بس اسٹیشن میں کنڈکٹرس اور ڈرائیورس نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ہم آر ٹی سی ملازمین سخت محنت کے ذریعے عوام کیلئے ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں ،اور ان کو حفاظت کے ساتھ ان کے مقامات پر پہنچا رہے ہیں۔ یہ حملہ ظالمانہ حرکت ہے۔کانگریس حکومت کی جانب سے خواتین کو جو مفت سفر کی سہولت دی گئی اس کو ہم ایک بہترین اقدام سمجھتے ہیں۔ لیکن بس میں 50 تا 60 نشستوں کی گنجائش کے باوجود مفت سفر کیلئے 100 سے زائد افراد سفر کر رہے ہیں۔ہم تکلیف کا سامنا کرتے ہوئے اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ نر سیا نامی ڈرائیور پر چند افراد کی جانب سے غیر ضروری طور پر حملہ کیا گیا۔ اس واقعہ کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں اور اس ضمن میں ارمور پولیسی اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی گئی ہے۔ آر ٹی سی ورکرس نے بسوں کو روک کر احتجاج کیا جس کی وجہ سے پیسنجرس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑاآر ٹی سی اعلی عہدیداروں کی مداخلت پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔