نیٹ ورک ہاسپٹلس کی تعداد 330 سے بڑھ کر 537 ہوگئی، 2400 کروڑ روپئے کے ادائیگیاں
حیدرآباد ۔26 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت دامودر نرسمہا نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں کانگریس حکومت کے قیام کے بعد سے آروگیہ شری اسکیم کے تحت 9 لاکھ 45 ہزار افراد کو مفت طبی خدمات فراہم کی گئی ہے ۔ جمعرات کو اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ریاستی وزیر صحت نے بتایا کہ پہلے سالانہ اوسطاً ڈھائی لاکھ افراد آروگیہ شری اسکیم کی خدمات سے فائدہ اٹھاتے تھے، جو اب بڑھ کر تقریباً 4 لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں آروگیہ شری نیٹ ورک ہاسپٹلس کو ادائیگیوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ پچھلی حکومت کے دور میں جہاں اوسطاً 52 کروڑ روپئے ماہانہ ادا کئے جاتے تھے، وہیں اب 89 کروڑ روپئے ماہانہ باقاعدگی سے جاری کئے جارہے ہیں۔ وزیر صحت نے بتایا کہ بی آر ایس حکومت سے ملنے والے 600 کروڑ روپئے کے آروگیہ شری بقایہ جات اور 130 کروڑ روپئے کے ای ایچ ایس بقایہ جات کو بھی مرحلہ وار کم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 8 ڈسمبر 2023 سے اب تک 2400 کروڑ روپئے سے زائد کی ادائیگیاں کی جاچکی ہیں اور فی الحال صرف تقریباً 250 کروڑ روپئے کے خانگی ہاسپٹلس کے بقایہ جات باقی ہیں۔ دامودر راج نرسمہا نے اپوزیشن کے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خانگی ہاسپٹلس آروگیہ شری خدمات فراہم کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ ریاستی وزیر صحت نے کہا کہ نیٹ ورک ہاسپٹلس کی تعداد 330 سے بڑھ کر 537 ہوجانا خود اس بات کا ثبوت ہے کہ اسکیم موثر طریقہ سے جاری ہے ۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ملگ اور نارائن پیٹ جیسے دور دراز اضلاع میں بھی بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ ہر شہری کو معیاری علاج میسر ہوسکے۔2