پد یاترا کے دوران ریونت ریڈی کا وعدہ ، سماج کے ہر طبقہ کی بھلائی ، جگہ جگہ کانگریس صدر کا والہانہ استقبال
حیدرآباد۔15۔ فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پد یاترا آج 9 ویں دن بھی جاری رہی۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ کے انتخابی حلقہ پالاکرتی میں پد یاترا کے دوران ریونت ریڈی کو زبردست عوامی تائید حاصل ہوئی ۔ مقامی کانگریس قائدین اور سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں کے ہمراہ ریونت ریڈی نے صبح 9 بجے پد یاترا کا آغاز کیا۔ دھرما پورم میں مختصر توقف کیا گیا، اس وقت تک یاترا میں شریک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ۔ ریونت ریڈی نے جگہ جگہ رک کر عوام سے ملاقات کی اور کانگریس پارٹی برسر اقتدار آنے پر عوام کی فلاح و بہبود کا وعدہ کیا۔ ریونت ریڈی نے کھیت میں مصروف کسانوں اور زرعی مزدوروں سے ملاقات کرتے ہوئے برقی سربراہی اور رعیتو بندھو اسکیم کی امداد کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ کسانوں نے شکایت کی کہ برقی سربراہی میں رکاوٹ کے نتیجہ میں فصلوں کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت 24 گھنٹے مفت سربراہی کے جھوٹے دعوے کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر آروگیہ شری اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپئے تک علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ آروگیہ شری کے تحت علاج کی موجودہ حد2لاکھ روپئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو مفت علاج کی فراہمی کے لئے کانگریس نے مفت علاج کی حد کو پانچ لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے خواتین کو بھروسہ دلایا کہ یکم جنوری 2024 ء کو کانگریس برسر اقتدار آنے پر پکوان گیس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا۔ غریبوں کومکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ کی امداد دی جائے گی اور کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی کے وعدوں پر عوام کی جانب سے جوش و خروش کا اظہار کیا گیا ۔ صدر پردیش کانگریس نے لنچ کے وقفہ کے دوران مختلف طلبہ تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ راستہ میں وہ ایک کسان کے گھرمیں پہنچ گئے اور بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی کسانوں کے گھر میں خوشحالی آئے گی۔ کانگریس پارٹی کسانوں کی حقیقی ہمدرد ہے۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خودکشی سے گریزکریں۔انہوںنے دھرماپورم علاقہ میں ڈبل بیڈروم مکانات کا معائنہ کیا۔قبائلی اور لمباڑہ خواتین نے رقص کرتے ہوئے ریونت ریڈی کا استقبال کیا۔ ریونت ریڈی کو قبائل کا روایتی لباس پہنایا گیا اور انہوں نے لمباڑہ خواتین کے ساتھ رقص بھی کیا۔ شام میں راجیو گاندھی چوراہے پر اسٹریٹ کارنر میٹنگ منعقد کی گئی ۔پالاکرتی میں ناگ راجو نامی معذور شخص نے شکایت کی کہ وہ پوسٹ گریجویشن کے باوجود روزگار سے محروم ہے۔ ریونت ریڈی کل پد یاترا کے دسویں دن 16 فروری کو وردھنا پیٹ اسمبلی حلقہ کا احاطہ کریں گے۔ر
مخالف پارٹی بیانات پر تادیبی کارروائی کا انتباہ:ریونت ریڈی
حیدرآباد۔15۔ فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ کسی بھی قائد کو پارٹی کارکنوں کے جذبات کو مجروح کرنے اور پارٹی کو نقصان پہنچانے والے بیانات سے گریز کرنا چاہئے ۔ انتخابی مفاہمت کے بارے میں رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے بیان پر ریونت ریڈی نے کہا کہ جو کوئی بھی اس طرح کے بیانات دیں گے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا اور مخالف پارٹی بیانات کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ راہول گاندھی نے ورنگل جلسہ میں یہ صاف کردیا تھا کہ بی آر ایس کیساتھ کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی ۔ گزشتہ 9 برسوں سے عوام کو دھوکہ دینے والی بی آر ایس سے مفاہمت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ عوام نے کانگریس کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ کے سی آر حکومت کی پالیسیوں سے سخت نالاں ہیں۔اسی دوران وینکٹ ریڈی نے تلنگانہ انچارج مانک راؤ ٹھاکرے سے ملاقات میں یہ وضاحت کی کہ مختلف سروے رپورٹس کے حوالہ سے انہوں نے بیان دیا تھا جسے توڑ مروڑ کر پیش کیا گ