آرٹی سی ملازمین کو رجوع بکار ہونے سے روکنے کی تیاریاں

   

ریاست کے تمام بس ڈپوز پر سخت پولیس بندوست ۔ بھاری دستوںکو تعینات کردیا گیا
حیدرآباد 25 نومبر (سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی 52 دن طویل ہڑتال ختم کردینے کے بعد ہڑتالی ملازمین کو ڈیوٹی پر رجوع بکار ہونے سے روکنے کے مقصد سے ریاست بھر کے تمام بس ڈپوز پر سخت پولیس سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔آر ٹی سی جوائنٹ ا یکشن کمیٹی کے کنوینر اشوتھما ریڈی کے ہڑتال ختم کردینے کے بعد ہڑتالی ملازمین کو یہ امید تھی کہ حکومت انہیں فوری بحال کردے گی اور ڈیوٹی سے رجوع ہونے کی اجازت دی جائے گی لیکن تلنگانہ آر ٹی سی کے مینیجنگ ڈائرکٹر سنیل شرما نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے یہ ایک اعلان جاری کیا کہ آر ٹی سی ہڑتالی ملازمین کا معاملہ زیر التواء ہے اور اس ضمن میں ہائی کورٹ نے بھی احکامات جاری کئے ہیں۔ لہذا ہڑتالی ملازمین کو فوری ڈیوٹی پر رپورٹ کرنے سے گریز کرنے کے اعلان کے بعد مایوس آر ٹی سی ملازمین انتہائی اقدام کرنے یا بس ڈپو پہنچ کر توڑ پھوڑ مچانے کے خدشہ کے تحت ریاست کے تمام بس ڈپوز میں پولیس سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے اور بھاری پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے۔ شہر حیدرآباد میں رانی گنج ، اپل ، فلک نما ، جیڈی میڈلہ اور دیگر بس ڈپوز پر زائد پولیس فورس کو صبح کی اولین ساعتوں میں بندوبست کیلئے حاضر ہونے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی ہے کہ ڈیوٹی پر واپس نہ لینے حکومت کے فیصلہ کے بعد مایوس آر ٹی سی ملازمین اور ان کے ارکان خاندان بس ڈپوز پہنچ کر شدید احتجاج کرسکتے ہیں جس میں اقدام خود سومی یا پھر بسوں پر سنگباری بھی کی جاسکتی ہے ۔ تمام بس ڈپوز کے اطراف و اکناف سیکورٹی متعین کردی گئی ہے اور پولیس کے اعلیٰ عہدیدار حالات پر نظر رکئے ہوئے ہیں۔ تمام بس ڈپوز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے علاوہ احتجاج کے لئے پہنچنے والے ہڑتالی ملازمین کی بھی ویڈیو گرافی بھی کی جائے گی۔